9 مئی کو عوام اور فوج کے مابین نفرت کی سازش کی گئی، گورنر سندھ

May 10, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےکہا ہے کہ 9مئی کو عوام اور فوج کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی سازش کی گئی تھی،پاک فوج قوم کی محسن ہے اس لئے اس کا احترام کرنا ہم سب پر فرض ہے ، گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نےکہا کہ نو مئی کو افواج پاکستان نے صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا، عوام کو بھی یہ سازش سمجھ میں آگئی اور انہوں نے آج افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، ہمیں افواج پاکستان کو سلام پیش کرنا چاہیے کہ جس نے سانحہ نو مئی کو ایک گولی بھی نہیں چلائی ،اب عوام کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں کہ وہ سانحہ 9مئی کے ذمہ داروں کا احتساب کرے،انہوں نے کہا کہ نفرتوں کا پیغام پھیلانے والوں کو اب قوم اور شہدا کے لواحقین سے معافی مانگ لینی چاہیے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبہ میں بہت سے مثالی کام کیے ہیں، جن میں چھ لاکھ گھروں کی تعمیر کا کام شامل ہے،مجموعی طور پر سندھ حکومت ورلڈ بنک کے تعاون سے 21 لاکھ گھر تعمیر کرے گی جس پر میں بلاول بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت امن و امان قابو کرنے کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے آنے والے دنوں میں جرائم میں نمایاں کمی نظر آئے گی، گورنر سندھ نے کہا کہ اس گورنر ہاؤس کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ہے۔