سٹیفورڈ شائر میں کئی ماہ سے جاری روڈ ورکس سے شہری پریشان

May 23, 2024

سٹیفورڈ(مریم فیصل)سٹیفورڈ میں گذشتہ کئی ماہ سے روڈ ورکس جاری ہیں اور مقامی رہائشی جو ہر روز کے ٹریفک جام ، جگہ جگہ لگے ہوئے متبادل راستوں کے نشانات سے سخت بیزار ہوچکے ہیں۔ انہیں تین جون سے مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا ہوگا کیونکہ ٹاؤن کے مین راؤنڈ اباؤٹ کی مرمت اور ری سرفیسنگ کا کام بھی شروع ہونے والا ہے ۔ A 34 Goal square نامی یہ راؤنڈ اباؤٹ سٹیفورڈ ٹاؤن کا اہم راؤنڈ اباؤٹ ہے جو سٹیفورڈ ٹاؤن کو قریبی ٹاؤنز سے ملاتا ہے اورقریبی ٹاؤنز جاکر ملازمت کرنے والے اور بڑی تعداد میں طالب علم بھی روزانہ صبح اور شام کے اوقات میں اس راؤنڈ اباؤٹ سے گزرتے ہیں ۔ اب تین جون سے یہ ہر طرح کے ٹریفک کے لئے اگلے چودہ ہفتے تک بند رہے گا جس سے ٹاؤن کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک جام کی صورتحال بنی رہے گی جو ظاہر ہے ٹاؤن باسیوں کے لئے ایک نئی اذیت کا باعث بنے گا ۔ ایک ساتھ ٹاؤن میں روڈ ورکس شروع کروانے کے حوالے سے سٹیفورڈ شایر کاونٹی کے ترجمان کا موقف ہے کہ اس اسکیم سے ٹاؤن میں اہم اور دیر پا بہتری نظر آئے گی تاہم ہمیں لوگوں کی تشویش اور پریشانی کا اندازہ ہے لیکن حکومت کی طرف سے دی جانے والی فنڈنگز کو استعمال کرنے کے حوالے سے جو معاہدہ ہوا ہے اس کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے اب کام کرنا ضروری ہے لیکن کونسل اس تمام اسکیم کو اس طرح شیڈول کر رہی ہے کہ لوگوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے سٹیفورڈ میں جاری تمام اہم روڈ ورکس رواں سال اگست کے آخر تک جاری رہیں گے۔