قربانی کے روحانی منافع کے ساتھ بیسیوں مادی فوائد ہیں، عمر توحیدی

June 16, 2024

اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقعے پر جانوروں کی قربانی کرنا سب سے بہترین اور اللہ تعالیٰ کاپسندیدہ عمل ہے۔اس سے اللہ تعالی کا غصہ ٹھنڈا ہوتا ہے،آفات و بلیات دور ہوتی ہیں اور اموال میں اللہ تعالی کی طرف سے برکت ہوتی ہے۔ہمیں خوش دلی سے قربانی کرنی چاہیے اور اس حوالے سے سوسائٹی کے اس عنصر پر بھی گہری نظر رکھنی چاہیے جو قربانی کے دنوں میں ’’رفاہ عامہ‘‘ کا پرفریب نعرہ لگا کرقربانی کےعظیم فلسفہ سےمسلمانوں کو دور رکھنا چاہتے ہیں۔وہ قصر عمر اولڈہم میں قربانی کے حوالے سے ایک نشست میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ روحانی منافع کے علاوہ قربانی کے بیسیوں مادی فوائد ہیں۔اس سے غریبوں کو گوشت میسر آتا ہے، مزدوری ملتی ہے،اس کے ذریعے دنیا بھر میں کھربوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے معیشت کا پہیہ چلتا رہتاہے، جانوروں کے چمڑوں، کھروں،سینگوں،بالوں اور اون وغیرہ سے انسانی ضرورت کی بے بہا چیزیں تیار ہوتی ہے۔کسان اور بیوپاری اگلے سال کیلئے پھر کروڑوں جانور پالتے ہیں جس سے ملکی پیسوں میں بیش بہا اضافہ ہوتا ہے۔