برطانیہ میں بڑھتے جرائم روکنے کیلئے فرنٹ لائن پولیسنگ کو فروغ دیا جائے، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کا مطالبہ

June 16, 2024

لندن (زاہد انور مرزا) لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے برطانیہ میں بڑھتے ہوئے جرائم کو روکنے کیلئے فرنٹ لائن پولیسنگ کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ 360,000سے زیادہ کار چوری کہ مقدمات حل نہیں ہو سکے ہیں، اس سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔لبرل ڈیموکریٹ لیڈر ایڈ ڈیوی نےلندن کے علاقے سرے میں انتخابی مہم کے دورے کے دوران نئی پالیسی کا اعلان ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ روزنامہ جنگ لندن کو جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہوم آفس کے اعداد و شمار کے نئے تجزیئے سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ عام انتخابات کے بعد سے تقریباً چار میں سے تین (74فیصد) کار چوری کے معاملات حل نہیں ہو سکے ہیں۔ایڈ ڈیوی نے کار چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 2020سے جرائم میں 42فیصد اضافہ ہوا ہے، لبرل ڈیموکریٹس کا مطالبہ ہے کہ پولیس اور کرائم کمشنرز کو ختم کیا جائے اور £170ملین کی بچت فرنٹ لائن پولیسنگ میں لگائی جائے۔ گزشتہ انتخابات سے لے کر اب تک انگلینڈ اور ویلز میں 360,072کاروں کی چوری کے واقعات حل نہیں ہوئے ہیں،اعداد و شمار کے مطابق 2020سے 2023کے درمیان ریکارڈ کیے گئے موٹر گاڑیوں کی چوری کے 74فیصد کیسز بغیر کسی مشتبہ کی شناخت کیے بند کر دیئے گئے۔ اس مدت کے دوران صرف 4فیصد کیسز کے نتیجے میں کسی مشتبہ کو چارج یا طلب کیا گیا۔ اس عرصے کے دوران حل نہ ہونے والی کار چوری کی تعداد میں 42فیصد اضافہ ہوا جو کہ 2020 میں 76,333سے بڑھ کر گزشتہ سال 108,934 ہو گیا۔ لبرل ڈیموکریٹس پولیس اور کرائم کمشنرز کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اس کی بجائے فرنٹ لائن پولیسنگ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ سرے میں گزشتہ انتخابات سے اب تک صرف 255کار چوری کے مقدمات حل کئے گئے ہیں اور80فیصد کار چوری کے مقدمات حل نہیں ہو سکے ہیں۔ میٹروپولیٹن پولیس نے انگلینڈ اور ویلز میں بدترین نتائج ریکارڈ کیے، اس عرصے میں 106,000 کاروں کی چوری کے واقعات حل نہیں ہوئے جو تمام کیسز کا 85فیصد ہے۔ اس کے بعد ویسٹ مڈلینڈز کا نمبر آیا، جہاں 83 فیصد معاملات حل نہیں ہوئے تھے۔ لبرل ڈیموکریٹ لیڈر ایڈ ڈیوی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہم کئی سال کے قدامت پسند افراتفری اور ناکام ہوم سیکرٹریز کے بعد کار چوری کی وبا دیکھ رہے ہیں جنہوں نے فرنٹ لائن پولیسنگ کو ختم کر دیا ہے۔