کمشنر میرپور ڈویژن کی تبادلے کی کوششیں بند کی جائیں، شبیر شاہ

May 23, 2024

ڈربی/ ناٹنگھم (امجد بیگ) کمشنر میرپور ڈیویڑن چوہدری شوکت ایک فرض شناس اور ایماندار آفیسر ہیں ان کی تعیناتی کے بعد اوورسیز کا ڈویڑن میرپور کے اداروں پر اعتماد بحال ہوا ہے محصوص مافیا ان کو اپنی راہ کی رکاوٹ سمجھتا ہے جس باعث اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ان کو بلیک میل کرنے اور تبادلے کی کوششیں کی جاری ہیں جو کہ نا انصافی ہے۔ اس طرح کی کوششیں بند کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار اوورسیز کشمیریوں سید شبیر شاہ، قاضی وحید اختر، راجہ کامران، عادل نثار، ندیم نثار، حفیظ بٹ، راجہ سکندر، عمیر علی، یاسر سبحانی ایڈووکیٹ اور دیگر نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اوورسیز کشمیریوں کا کہنا تھا کہ کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت نے اپنی تعیناتی کے دوران بے شمار قابل ذکر اقدامات اٹھائے ہیں جن میں اوورسیز کی زمینوں پر سے قبضہ جات چھڑوانا، اداروں کی املاک کو محفوظ بنانا، اداروں میں سے رشوت کا چلن ختم کرنا، عام آدمی کی دفاتر تک رسائی سرفہرست ہے۔ کمشنر چوہدری شوکت کے اقدامات ایک مخصوص مافیا کو ہضم نہیں ہو رہے جس باعث مافیا ان کے تبادلے اور ان کی شہرت کو نقصان پہچانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اوورسیز کشمیریوں کا مزید کہنا تھا کہ میرپور میں سرکاری افسران کا ایک ٹرائیکا سرگرم ہے جو باقی اداروں میں بھی اپنی مرضی کے افسران تعینات کروانا چاہتا ہے تاکہ ان کے کالے اور خلاف قوائد کرتوت پر پردہ پڑا رہے۔ اوورسیز کشمیریوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق چوہدری اور چیف سیکرٹری کو سرکاری خط و کتابت کے ذریعہ حقائق سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر سازشی عناصر یاد رکھیں ہمیشہ فتح حق و سچ کی ہو گی۔