صحافی نصراللّٰہ گڈانی کے قاتلوں کا پتہ لگا لیا گیا

May 24, 2024

صحافی نصراللّٰہ گڈانی—فائل فوٹو

گھوٹکی پولیس نے صحافی نصراللّٰہ گڈانی کے قاتلوں کا پتہ لگا لیا ہے۔

اس بات کا انکشاف ایس ایس پی گھوٹکی نے میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری تک معلومات فراہم نہیں کر سکتے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوارں اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گھوٹکی میں حملے میں زخمی ہونے والے صحافی نصر اللّٰہ گڈانی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج کراچی کے نجی اسپتال میں دم توڑ گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم صحافی نصراللّٰہ گڈانی کی نمازِ جنازہ اور تدفین آج بعد نمازِ مغرب مرحوم کے آبائی علاقے میرپور ماتھیلو میں کی جائے گی۔

صحافی کو 3 روز قبل میرپور ماتھیلو میں قاتلانہ حملے میں 3 گولیاں لگی تھیں، واقعے کا مقدمہ اب تک درج نہیں ہو سکا ہے، تحقیقات جاری ہیں۔