بلوچستان کا آئندہ بجٹ عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، ظہور بلیدی

June 16, 2024

ظہور بلیدی: فوٹو فائل

بلوچستان کے وزیر خزانہ و پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ظہور احمد بلیدی کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ظہور بلیدی نے کہا کہ 24-2023 کے بجٹ میں 2 ہزار اسکیمیں شامل تھیں، گزشتہ ادوار کی 10 ہزار اسکیموں کو ساتھ لے کر چلنا مشکل تھا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ اسکیموں پر نظر ثانی کی گئی، آئندہ بجٹ میں صحت اور تعلیم کو ترجیح دی جائے گی، بجٹ میں صحت کےلیے 61 ارب روپے رقم مختص کرنے جا رہے ہیں۔

ظہور بلیدی نے کہا کہ بجٹ میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں شہداء کے لواحقین کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، بی آئی ایس پی کے تحت شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کےلیے 2 ارب روپے کی تجویز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی ہولڈرز کو مکمل اسکالر شپ کے ذریعے سپورٹ کریں گے، صوبے کی جامعات کےلیے 5 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانے کےلیے 2 ارب روپے رکھے ہیں۔

ظہور بلیدی نے مزید کہا کہ نصیر آباد میں جدید اسپتال بنانے جا رہے ہیں، صوبے کے 15 اضلاع میں برن سینٹرز بنانے جا رہے ہیں۔