روس میں کرپشن پر ایک اور سینئر جنرل گرفتار

May 26, 2024

ماسکو ( نیوز ڈیسک) روس میں کرپشن کے الزام میںایک اور سینئر جنرل کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ کسی اعلیٰ عہدے پر فائز فوجی شخصیت کی تیسری گرفتاری ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق فوجی عدالت نے جنرل اسٹاف کے نائب سربراہ وادیم شمرین کو رشوت لینے کے الزام میں ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ اس الزام میں 15 سال تک قید ہو سکتی ہے۔ ناقدین اور اپوزیشن کی جانب سے روسی فوج پر کرپشن کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں،تاہم اس کے سربراہان کو شاذ و نادر ہی کسی قسم کی سنگین تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔یہ معاملہ یوکرین میں جاری کارروائی میں ناکامیوں کے درمیان سامنے آیا جب واگنر کے پیرا ملٹری سربراہ یوگینی پریگوزن نے روس کے فوجی سربراہوں، سابق وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اور چیف آف جنرل سٹاف والیری گیراسیموف پر بدعنوانی کا الزام لگایا تھا۔ اس دوران نائب وزیر دفاع تیمور ایوانوف اور وزارت کے اہلکاروں کے سربراہ یوری کزنیتسوف کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔دوسری جانب روس نے یوکرین کی سرحد سے متصل علاقوں میں اسکندر اور کنزل میزائلوں پر مشتمل ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی مشقوں کا پہلا مرحلہ شروع کر دیا ۔ ان مشقوں میں ممکنہ طور پر بیلاروس کی فوج بھی حصہ لے گی۔