کوشش ہوگی ورلڈکپ جیت کر عوام کو خوشیاں دیں، حارث رؤف

May 27, 2024

فوٹو: فائل

فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہکوشش ہوگی ورلڈکپ جیت کر عوام کو خوشیاں دیں۔ جب میچ ہارتے ہیں تو دکھ تو ہوتا ہے۔

کارڈف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کافی پُراعتماد ہے، کسی بھی وقت ہم مخالف ٹیم کو شکست دینے کی قابلیت رکھتے ہیں۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ جب آپ غلطیاں کرتے ہیں تو کوشش کرتے ہیں کہ اگلے مچ میں وہ غلطیاں نہ کریں۔ اگلے میچز میں کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل کر کم بیک کریں۔

فاسٹ بوکر کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کا ماحول بالکل پُرسکون ہے، ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے پلان ملتا ہے، لیکن کبھی رزلٹ پلان کے مطابق نہیں آتے۔ پلان پر عمل کرکے ہی آپ کو اچھے نتائج ملتے ہیں۔

حارث رؤف نے کہا کہ بطور پلیئر کبھی آپ کو رزلٹ نہیں مل رہے ہوتے، مگر آپ کو اپنی صلاحیت پر یقین ہونا چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ صائم ایوب اور اعظم خان نے ماضی میں ہمیں میچ جتوائے بھی ہیں، ان کی صلاحیتوں پر ہم شک نہیں کرسکتے۔ صائم اور اعظم کم بیک کریں گے، ان کی ایک اننگز اچھی لگ گئی تو ان کی اچھی فارم واپس آجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی کے بارے میں زیادہ سوچتا نہیں ہوں اور نہ سنتا ہوں کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ آپ کو خود بہتر پتہ ہوتا ہے کہ آپ کہاں اچھے ہیں اور کہاں برے۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ میں جب ٹیم میں نہیں تھا تو میرے پاس کافی وقت تھا کہ میں خود کو کیسے بہتر کرسکتا ہوں۔ بطور پروفیشنل کسی بھی کنڈیشنز میں خود کو ایڈجسٹ کرنا ہے۔

حارث رؤف نے کہا کہ فیملی ہمیشہ آپ کو سپورٹ کرتی ہے، زندگی میں مشکلات آتی رہتی ہیں۔ جب آپ نے ٹیم کےلیے پرفارمنس دی ہوئی ہو تو ٹیم میں منتخب ہونا زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ورلڈکپ سے پہلے اگر آپ کو ایسی سیریز ملے اور آپ جیت جائیں تو اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، اگر ہار جائیں تو سیکھنے کو ملتا ہے کہ کہاں خود کو بہتر کرنا ہے۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر غلطیاں کم کریں۔ کوشش ہوگی ورلڈکپ جیت کر عوام کو خوشیاں دیں۔