کراچی کے بچوں کو بڑی خوشخبری مل گئی، 1 میدان میں 6 مختلف اکیڈمیز کا آغاز

June 05, 2024

موبائل چھوڑو، میدان میں آؤ، کراچی کے بچوں کو بڑی خوشخبری مل گئی، کسٹمز انفورسمنٹ کے تحت کراچی میں 6 نئی اسپورٹس اکیڈمیز کھول دی گئیں۔

کسٹمز انفورسمنٹ نے کراچی کے بچوں کو اسپورٹس کھلانے کا بیڑا اٹھا لیا، کسٹمز اسپورٹس کمپلیکس میں کلیکٹر کسٹم انفورسمنٹ ساؤتھ باسط مقصود عباسی نے 6 نئی اکیڈمیز کا افتتاح کیا، جن میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، ٹینس، آرچری اور موائے تھائے شامل ہیں، ان اکیڈمیز میں ہزاروں بچے اسپورٹس کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

کلیکٹر کسٹم انفورسمنٹ ساؤتھ باسط مقصود عباسی نے بتایا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران بچوں کو زیادہ سے زیادہ اسپورٹس کی سرگرمیوں میں شرکت کروائی جائے تاکہ آنے والے وقت میں پاکستان کو بہترین ٹیلنٹ میسر آسکے۔

باسط مقصود عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کلیکٹر آف کسٹم انفورسمنٹ اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 8 روزہ کسٹم انفورسمنٹ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیلنج کپ کا پروینٹیو سروس کلب اور اسپورٹس کمپلیکس کے ہاکی اسٹیڈیم میں آغاز ہوگیا، جس میں کسٹم سمیت ڈسٹرکٹ کی 7 ٹیموں کے درمیان 15 میچز کھیلےجائیں گے۔

کسٹم، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ڈسٹرکٹ ساؤتھ، ڈسٹرکٹ ایسٹ، ڈسٹرکٹ ویسٹ، ڈسٹرکٹ کورنگی، ڈسٹرکٹ ملیر اور ڈسٹرکٹ کیماڑی کی ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

دونوں گروپس کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جس کے بعد دو ٹیمیں 12جون کو فائنل میں مدمقابل آئیں گی، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 2 لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو 1 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 5 ہزار اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو موٹر سائیکل انعام میں دی جائے گی۔

ٹورنامنٹ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کروایا جا رہا ہے کے ایچ اے کے سیکریٹری سابق کپتان اولمپئین حنیف خان کی رہنمائی اور ٹیکنیکل سپورٹ حاصل رہے گی، اولمپئین ناصر علی کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے، پروینٹیو اسپورٹس کلب کے سیکریٹری اولمپئین دانش کلیم کو آرگنائزنگ سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔

آرگنائزنگ کمیٹی میں ڈائریکٹر پروینٹیو اسپورٹس کلب انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی نعیم احمد بھی شامل ہیں جن کی دن رات کی محنت سے ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوسکا۔ سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین نے بھی اس ایونٹ کے انعقاد میں اپنی رہنمائی فرمائی۔

باسط مقصود عباسی کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد پاکستان اور کراچی کی ہاکی کے کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔