پنجاب: اسکولوں کو سمر کیمپ لگانے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری

June 14, 2024

---فائل فوٹو

حکومتِپنجاب نے صوبہ بھر کے اسکولوں میں سمر کیمپ لگانے کی اجازت دے دی ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام جماعتوں کے لیے سمر کیمپ کی اجازت ہے، سمر کیمپ 20 جون کے بعد سے لگایا جا سکے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سمر کیمپ صبح 7 سے 10 اور شام 4 سے7 بجے تک لگانے کی اجازت ہو گی، طلبہ کے لیے سمر کیمپ میں شرکت لازمی نہیں۔

سمر کیمپ کے لیے طلبہ کے والدین کا اجازت نامہ ضروری ہو گا، اسکول انتظامیہ ٹھنڈے پانی، صفائی، پنکھے، بیٹھنے کا مناسب انتظام کرے گی۔

حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول انتظامیہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی بھی ذمہ داری ہو گی، سمر کیمپ میں طلبہ یونیفارم کے بغیر آسکیں گے، سمر کیمپ میں آئی ٹی، اے آئی، روبوٹکس اور کھیلوں کی تربیت ترجیح ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سمر کیمپ کے دوران ابتدائی طبی امداد کے لیے کٹ موجود ہو گی،اساتذہ اور بچے ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں گے۔