بجلی کی قیمت کم کرنے کا خیرمقدم مگر دیگر خرچ اس کا فائدہ زائل کریں گے، ثاقب مگوں

June 15, 2024

فائل فوٹو

سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب مگوں نے کہا ہے کہ بجٹ کے چند امور بالکل بھی قابل قبول نہیں، مطالبات نہ مانے گئے تو آئندہ کا لائحہ عمل مشاورت کے بعد دیں گے۔

فیڈریشن ہاؤس میں پوسٹ بجٹ کانفرنس ہوئی جس میں آن لائن ایکسپورٹ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جبکہ صدر فیڈریشن عاطف اکرام شیخ اسلام آباد سے شریک ہوئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثاقب مگوں نے کہا کہ چند روز میں مشاورت کر کے متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، ہوسکتا ہے بیورو کریسی وزیر خزانہ کو کچھ سمجھا نہ سکی ہو، بجٹ کو مکمل طور پر مسترد نہیں کرتے۔

ان کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ایکسپورٹ شعبے کو نارمل ٹیکس ریجیم میں ڈالا گیا ہے، ایکسپورٹرز کو نارمل ٹیکس ریجیم میں لاکر ایف بی آر سے رابطے بڑھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نارمل ٹیکس ریجیم میں ایکسپورٹرز پر سپر ٹیکس بھی لگا دیا، فلائنگ انوائس پر ایف آر درج کر کے ایف بی آر کو جیل میں ڈالنے کا اختیار دیا گیا ہے، ایف بی آر کو یہ اختیار دینا غلط ہے، مسترد کرتے ہیں، احتجاج کریں گے۔

ثاقب مگوں کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا آڈٹ بڑا مشکل ہے، ایکسپورٹرز کو وہ بھی کرانا ہو گا، حکومت کے بجلی کی قیمت کم کرنے کا خیر مقدم ہے، دیگر خرچ بجلی کی کم قیمت کا فائدہ زائل کریں گے۔