فیصل آباد: سیکریٹری داخلہ پنجاب کی عیدالاضحیٰ پر جیل میں قیدیوں سے ملاقات

June 18, 2024

پنجاب کے سیکریٹری داخلہ نور الامین مینگل --- فائل فوٹو

پنجاب کے سیکریٹری داخلہ نور الامین مینگل کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کے جیل ریفارمز ایجنڈا پر تیزی سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔

انہوں نے سینٹرل جیل فیصل آباد کا دورہ کیا، جیل کے ملاقاتی ایریا میں قیدیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور تمام انتظامات بھی دیکھے۔

ان کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر قیدیوں کو اہلِ خانہ سے ملاقات میں مزید سہولت دے رہے ہیں، گرمی کے پیشِ نظر ملاقاتی ایریا میں ایئر کنڈیشنر نصب کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جیلوں میں سائیکالوجی اور قانون کے طلبہ کو پیڈ انٹرن شپ کروانے جا رہے ہیں، قیدیوں کے ساتھ سیشنز میں انہیں معاشرے کا مثبت حصہ بنانے پر کام ہو گا۔

نور الامین مینگل کا کہنا ہے کہ حکومتِ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے پر تیزی سے عمل درآمد ہو رہا ہے، جیلوں کی سیکیورٹی کے لیے جدید آلات نصب کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جیلوں میں کھانے کے معیار اور مینیو کو بہتر بنایا گیا ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ جیل لائبریریز اور ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔