ضلع خیبر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی قتل

June 19, 2024

فائل فوٹو

ضلع خیبر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے صحافی کو قتل کردیا، مقتول صحافی خلیل جبران مقامی ٹی وی چینل سے وابستہ تھے، گورنر، وزیراعلیٰ نے قتل کی مذمت کی ہے۔

ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق واقعہلنڈی کوتل کے علاقے مزرینہ میں پیش آیا، خلیل جبران گھر جارہے تھے، گھر کے قریب ان کی کار خراب ہوئی، خلیل جبران کو نامعلوم افراد نے کار سے اتار کر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

ملزمان کی فائرنگ سے کار میں سوار سجاد ایڈوکیٹ زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقتول صحافی خلیل جبران مقامی ٹی وی چینل سے وابستہ تھے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے صحافی خلیل جبران کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی صحافی خلیل جبران کے قتل کی مذمت کی ہے۔