بھارتی فوج کی کمانڈز اور کور فارمیشنز میں اہم تبدیلیوں کا امکان

June 23, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) نئے چیف آف آرمی اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کی تقرری کے بعد 30جون سے بھارتی فوج اپنی اہم کمانڈز اور کور فارمیشنز میں اہم قیادت کی تبدیلیوں سے گزرنے والی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل راجہ سبرامانی 30 جون کو لیفٹیننٹ جنرل دویدی کے بعد اگلے نائب سربراہ کا عہدہ سنبھالنے والے ہیں۔ آرمی ہیڈکوارٹر میں وائس چیف آف آرمی سٹاف کی ایک اہم تقرری ہوتی ہے، جو کہ جدید کاری اور مقامی بنانے جیسے اہم پہلوؤں کی نگرانی کرتی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل دویدی کو 11 جون کو بھارتی فوج کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ 30 جون کو سدرن آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اجے کمار سنگھ کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ امکان ہے کہ ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل دھیرج سیٹھ ہوں گے، جو اس وقت جے پور میں ساؤتھ ویسٹرن آرمی کمانڈ کی کمان کر رہے ہیں۔ موجودہ آرمی ٹریننگ کمانڈ چیف لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ کے جے پور میں ساؤتھ ویسٹرن آرمی کمانڈ کے نئے سربراہ بننے کی توقع ہے۔ دو نئے افسران آرمی کمانڈر کا عہدہ سنبھالیں گے: شمالی کمان کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل انندا سینگپتا کو ترقی ملنے پر لکھنؤ میں سنٹرل کمانڈ کا سربراہ بنایا جا سکتا ہے اور مغربی کمانڈ کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل دیویندر شرما ٹریننگ کمانڈ کی سربراہی کے لیے شملہ منتقل ہونے کا امکان ہے۔