دو تین سال میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کیلئے تیار ہوجائینگے، مفتاح

June 23, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کوئی مطالبہ نہیں ہماری ذمہ داری ہے، پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں نواز شریف کی جنرل باجوہ سے نہ کوئی ملاقات ہوئی نہ انہوں نے کوئی کمٹمنٹ کی،سیکرٹری تنظیمی کمیٹی عوام پاکستان مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگلے دو تین سال میں ہم مقامی حکومتوں کے انتخابات کیلئے تیار ہوجائیں گے،ہماری ن لیگ سے کوئی ناراضی نہیں سوچ مختلف ہے،مڈل کلاس اور تنخواہ دار طبقے کو آگے بڑھنے کا موقع دینا ہوگا، جب تک لوگوں کو امیر نہیں کریں گے ملک امیر نہیں ہوگا،سینئر اسپورٹس صحافی عبدالماجد بھٹی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اور کرکٹرز سے متعلق کہانیاں اتنی بھیانک ہیں کہ ہم میڈیا پر بیان نہیں کرسکتے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کی طرف سے سیکیورٹی ایشوز درپیش ہیں، سیکیورٹی کا چیلنج ہر دور میں نئی نوعیت کے اعتبار سے درپیش رہا ہے، پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ایجنسیوں نے ہر دور میں ملک کا دفاع کیا ہے، پاکستا نی فورسز دہشتگردی کا دلیری و بہادری کے ساتھ مقابلہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات کیلئے دوستی کا لفظ چھوٹا پڑگیا ہے، چین ہر طرح پاکستان کی ترقی چاہتا ہے، پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کوئی مطالبہ نہیں ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کافی چیلنجنگ ہے اس کو وقت دینا پڑتا ہے، چیئرمین پی سی بی رہنا محسن نقوی کا شوق ہے، محسن نقوی دونوں طرف ذمہ داری نبھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی سے تعلقات کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے گلے شکوے دور ہوگئے ہیں بجٹ پاس ہوجائے گا،، پیپلز پارٹی کے سار ے مطالبات جائز تھے، بجٹ کے موقع پر ترقیاتی فنڈز کا معاملہ ہوتا ہے، سب کی ضرورت زیادہ ہے مگر فنڈز کم ہیں، ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے ضلع اور حلقے کے لیے زیادہ فنڈز لے، پیپلز پارٹی کے لوگوں کے بھی اپنے حلقے کیلئے ترقیاتی فنڈز کے جائز مطالبات تھے، ہمارے ارکان بھی حلقے کے لئے فنڈز کا مطالبہ کرتے ہیں ان کا غصہ اور گلہ بھی ہوتا ہے۔