پشاور‘ عیدالاضحیٰ کے بعد صفائی کی صورتحال انتہائی خراب

June 23, 2024

پشاور(صباح نیوز)عید الاضحی کے بعد پشاورمیں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہو گئی ۔جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے جبکہ مین ہول گندگی سے بھر جانے کے بعدابلنے کو تیار ہیں ۔عید الاضحی کے دوران شہر میں صفائی کی صورتحال خاصی اچھی رہی تاہم عیدقربان گزرنے کے بعد سے عملہ صفائی منظر سے غائب ہے اور شہر گندگی سے اٹ رہا ہے جہاں مین ہول بھی گندگی سے بھر چکے ہیں اور کسی بھی وقت ابل سکتے ہیں ۔اسی طرح جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جن میں مکھیوں اور مچھروں کی بہتات سمیت اتنی شدید بدبو ہے کہ ان کے قریب سے پیدل گزرنا بھی مشکل ہو گیا ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔