عیدالاضحی ٗتین لاکھ سے زائد سیاحوں نے وادی کاغان کا رخ کیا

June 25, 2024

پشاور ( وقائع نگار )عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران تین لاکھ سے زائد سیاحوں نے وادی کاغان کا رخ کیا سیاحوں کی 53220چھوٹی بڑی گاڑیاں جبکہ 16540 موٹرسائیکلز وادی میں داخل ہوئے ۔ عید کے دنوں میں تقریباً تین لاکھ سے زائد سیاحوں نے وادی کے مختلف مقامات شوگران ،کاغان، ناران سری پائے ،بٹہ کنڈی، جھیل سیف الملوک، جھیل لولوسر ،لالہ زار اور بیسر کا رُخ کیا ۔ان سیاحوں میں دو سو کے قریب غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے جو وادی کے قدرتی حسن اور ٹھنڈے موسم سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے ۔کے ڈی اے کے ترجمان کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کی وجہ سے پیشتر مقامات پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے کے ڈی اے کا سٹاف، مقامی پولیس اور ٹورازم پولیس کی معاونت سے ٹریفک کو بھرپور طریقے سے منظم کیا گیا۔ بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کی وجہ سے صفائی کا مسئلہ درپیش آیا جس کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گئے اس سلسلے میںکے ڈی اے کا سینیٹری سٹاف صبح شام صفائی میں مصروف رہا اور بڑی مقدار میں سیاحوں کی جانب سے پھینکے گئے کوڑے کرکٹ کو محفوظ مقامات پر ڈمپ کیا گیا جبکہ عید کے موقع پر وادی میں بدبو اور تعفن سے بچنے کیلئے قربانیوں کی آلائشوں کو بھی محفوظ مقامات پر ڈمپ کیا گیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے اور وادی کے قدرتی حسن کو برقرار رکھا جائے ۔وادی میں آنے والے سیاحوں نے دریائے کنہار میں رافٹنگ اور زیپ لائن کے ایڈوینچر سے بھی خوب لطف اٹھایا اور سب سے زیادہ سیاح پاکستان کے مشہور سیاحتی مقام برف پوش پہاڑوں کے درمیان واقع جھیل سیف الملوک گئے