برطانیہ سے آزادی سرفہرست، اسکاٹش نیشنل پارٹی نے الیکشن 2024 کے لیے منشور کا اعلان کردیا

June 24, 2024

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش نیشنل پارٹی اور اسکاٹش حکومت کے فرسٹ منسٹر جان سوینی نے 2024 کے الیکشن کے لئے اپنے منشور کا اعلان کر دیا ہے جس میں اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے آزادی کو سرفہرست رکھا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ اسکاٹ لینڈ کی کل 57 نشستوں میں آدھی سے زیادہ یعنی 29سیٹیں جیت گئے تو وہ ویسٹ منسٹر کے ساتھ آزادی کے لئے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کر دیں گے۔ جان سوینی اسکاٹش نیشنل پارٹی کے سابق سربراہ اور اسکاٹش حکومت کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کے استعفے کے بعد اس عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ ایڈنبرا میں پارٹی منشور کو لانچ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسکاٹش نیشنل پارٹی آزادی اپنی خاطر نہیں چاہتی بلکہ یوکے کو توڑنے سے اسے ہمارے نیشنل ہیلتھ سروس کی حفاظت ، مشکلات کا شکار افراد کی مدد کرنے، معیشت کو مضبوط بنانے اور لوگوں کی زندگیوں کو خوشگوار بنانے میں مدد ملے گی۔ جان سوینی کا کہنا تھا کہ میرے یہ نظریات طویل عرصے سے واضح ہیں کہ آزادی کو محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ اس کو ایک جمہوری ریفرنڈم کے ذریعے حاصل کرنا ہے۔ واضح رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں یوگوو کے ایک پول میں اسکاٹ لینڈ سے اسکاٹش نیشنل پارٹی کی 17اور کنزرویٹو کی 5سیٹوں کے مقابلے میں لیبر کے 34نشستیں جیتنے کی پیش گوئی کی گئی تھی جو کہ ایس این پی کے لئے 31نشستوں کا نقصان ہوگا جس نے 2019کے الیکشن میں اسکاٹ لینڈ سے 48نشستیں جیتی تھیں۔ جان سوینی کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے عوام کی جمہوری خواہشات کا اظہار 2021 میں اسکاٹش پارلیمنٹ کے الیکشن میں ہو گیا تھاجب 129کے ایوان میں اسکاٹش نیشنل پارٹی 64نشستیں جیت کر ایوان کی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئی تھی۔ آزادی کے مخالفین کا کہنا ہے کہ اسکاٹش نیشنل پارٹی برطانیہ کا ملک توڑنے کے لئے تنگ نظری اور تفرقہ بازی کا جنونی رویہ منشور کے اجرا کے موقع پر پہلے سے زیادہ کھل کر سامنے آیا ہے۔