عالمی فوجداری قانون انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر انفرادی جوابدہی سے متعلق ہے، الطاف حسین وانی

June 28, 2024

برسلز/جنیوا (حافظ اُنیب راشد) اقوام متحدہ میں ورلڈ مسلم کانگریس کے مستقل نمائندے الطاف حسین وانی نے کہا ہے کہ غیر قانونی موت کا شکار ہونے والے افراد کی لاشوں اور انسانی باقیات کا تحفظ، دستاویزات، شناخت اور تحقیقات بین الاقوامی قانون کے تحت کوئی آپشن نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 56ویں اجلاس کے موقع پر ایجنڈا کے آئٹم 3کے تحت ماورائے عدالت پھانسیوں پر خصوصی نمائندے کے ساتھ انٹرایکٹو مکالمہ میں حصہ لیتے ہوئے کی ۔ مرنے والوں کے تحفظ سے متعلق خصوصی نمائندے کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فوجداری قانون جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیلئے انفرادی جوابدہی سے متعلق ہے، مرنے والوں کے ساتھ ناروا سلوک کو بھی جرم قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح تصادم میں لاشوں کی مسخ کرنے کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کے روم کے آئین کے تحت جنگی جرم کے طور پر درجہ بند کیا گیا ہے۔ وانی نے کہا کہ ’’زندگی کے حق کی خلاف ورزیاں مرنے والوں کے وقار اور تحفظ اور اہل خانہ کے اپنے پیاروں کی باقیات کے حق کو متاثر کرتی ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کی شناخت اور ان کے سامان کو مقتول کے خاندان کو واپس کرنا بھی ان کے حقوق کو برقرار رکھنے سے متعلق ہے۔ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں لاشوں کی بے حرمتی اور مسخ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے الطاف وانی نے کہاکہ 2019سے بھارتی حکومت نے نام نہاد مقابلوں میں قابض افواج کے ہاتھوں مارے جانے والوں کی 658لاشیں واپس نہیں کیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام لاشیں ان کے اہل خانہ کی مرضی کے بغیر کہیں زمین میں اتار دی گئیں یا انہیں مسخ کردیا گیا۔ اسے بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی اور بھارتی آئین کے آرٹیکل 21کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے وانی نے خصوصی نمائندے سے وضاحت چاہی کہ ڈبلیو ایم سی جاننا چاہے گا کہ کیا خصوصی نمائندے نے یہ معاملہ حکومت ہند کے ساتھ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک افراد اور معاشروں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ متاثرین کے حق انصاف اور معاوضے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی ذمہ داریوں میں مردہ افراد کی حفاظت کی ذمہ داری خاندانوں کے حقوق کو پورا کرنے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام غیر قانونی اموات بھی مکمل طور پر باوقار ہوں اور ان کی تحقیقات بھی ہو ۔