غلط طور پر دوران حمل جیل بھیجی جانے والی سب پوسٹ مسٹریس نے معذرت مسترد کردی

June 28, 2024

لندن (پی اے) غلط طور پر دوران حمل جیل بھیجی جانے والی سب پوسٹ مسٹریس نے فوجٹسو کے سابق انجینئر کی، جس کی گواہی کی وجہ سے اسے سزا ہوئی تھی، معذرت مسترد کردی۔ سیما مصرا نے بی بی سی کو بتایا کہ گاریتھ جنکنز کی معذرت بہت معمولی ہے اور یہ بہت دیر میں کی گئی۔ پوسٹ آفس نے 1999سے 2015کے دوران آئی ٹی سسٹم سے غلط ڈیٹا کی بنیاد پر چوری اور فراڈ کے الزام میں کم وبیش 700سب پوسٹ ماسٹرز کو غلط طور پر سزا دی تھی۔ سیما مصرا کا کہنا ہے کہ میں جاننا چاہتی ہوں کہ اس نے اس زمین پر وہ کیو ں کیا جو اس نے کیاجبکہ فوجیٹسو میں جنکنز ہوریزن اکاؤنٹنسی سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ میں شامل تھا، جو پورے برطانیہ میں سب پوسٹ ماسٹر استعمال کرتے تھے۔ ایک ماہر کی حیثیت سے جنکنز کرمنل اور سول مقدمات میں کمپوٹر سافٹ ویئر سسٹم کی خرابی کے دفاع میں پوسٹ آفس کی مدد کرنے والوں میں کلیدی فرد تھا۔ 2010میں سیما مصرا کو چوری اور غلط اکاؤنٹنگ کا مجرم قرار دے کر جیل بھیج دیا گیا، اس وقت میں 8ہفتے کی حاملہ تھی۔ 2021میں ان کی سزا ختم کردی گئی تھی۔ منگل کو پوسٹ آفس میں جنکنز نے جو شہادت جمع کرائی ہے، اس میں جنکنز نے لکھا ہے کہ اس وقت سیما مصراحاملہ تھی اور کئی سال بعد مجھے اس کا پتہ چلا۔ اس سے بہت زیادہ خوفناک ہوا، میں ان سے اور ان کی فیملی سے معذرت کرتا ہوں۔ سیما مصرا نے روتے ہوئے کہا کہ جنکنز یہ بات کئی سال پہلے بھی کہہ سکتا تھا اور وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میں اس دوران کس کرب سے گزری، کوئی اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ اس نے عدالت کو یہ نہیں بتایا کہ ہوریزن میں بگ آگیا تھا، یہ ایک عام فہم بات ہے۔ جنکنز اس انکوائری کا کلیدی گواہ تھا اور اس پر4 روز تک جرح کی گئی تھی جو کہ سب سے طویل شہادت تھی، گواہوں میں پوسٹ آفس کی سابق چیف ایگزیکٹو Paula Vennells بھی شامل تھیں، جو15سب پوسٹ ماسٹرز کے مقدمات میں ماہر گواہ کے طور پر پیش ہوئی تھی۔ پولیس اب اس کے خلاف عدالت میں جھوٹ بولنے اور دروغ حلفی کے الزام میں تفتیش کر رہی ہے۔ اپنی گواہی سے متعلق ایک بیان میں اس نے کچھ بھی غلط نہ کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ میں نے جھوٹ نہیں بولا، اپنی تحریری شہادت اور زبانی شہادت میں میں نے جھوٹ نہیں بولا، میرا مقصد کسی بھی طرح گمراہ کرنا نہیں تھا، یہ کہنا کہ میں نے یہ جانتے ہوئے کہ کسی بے قصور شخص کو سزا ہوسکتی ہے، میں نے ہوریزن کے بارے میں جھوٹ بولا، میرے اوپر اتہام ہے۔ اس نے کہا کہ پوسٹ آفس کے وکلا نے مجھے مناسب قانونی باتیں نہیں بتائیں اور میری صحیح رہنمائی نہیں کی۔ جنکنز نے اگرچہ سسٹم کا چیف آرکیٹکٹ ہونے سے انکار کیا ہے لیکن وہ اس ٹیم کا حصہ تھا، جس نے ہوریزن کی تیاری میں مدد کی تھی۔ منگل کو اپنی گواہی میں جنکنز نے کہا کہ سافٹ ویئر بیشتر وقت صحیح کام کررہا تھا اور وہ دسمبر2019کا یہ فیصلہ نہیں مانتا کہ یہ دوری سے کام کرنے میں درست نہیں تھا۔ تاہم اس نے یہ اعتراف کیا کہ اسے عدالت میں گواہی دینے سے پہلے بگز اور غلطیوں کے بارے میں ریسرچ کرلینی چاہئے تھی۔اس نے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ ممکن ہے کہ ایسا غلط ہو کہ جب خرابی پیداہوئی تھی تو اسے فوری طور پر ٹھیک کرلیا گیا تھا اور اسے سسٹم میں پھیلنے نہیں دیا گیا تھا کہ وہ بڑا اثر ڈال سکیں۔