مانچسٹر، برطانوی افواج کے لیے خدمات دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہفتہ کا آغاز

June 24, 2024

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن (ابرار حسین )مانچسٹر ان سیکڑوں لوگوں کو خراج تحسین پیش کرے گا جنہوں نے برطانیہ کی مسلح افواج کیلئے بے خوفی سے خدمات انجام دیں۔24سے29جون مانچسٹر میں مسلح افواج کی حمایت میں مظاہرہ کئے جائیں گے، ہفتہ کے آغاز پر مسلح افواج کا جھنڈا برطانیہ کی عمارتوں اور مشہور مقامات پر بلند کیا جائے گا، مانچسٹرمیں پیر 24جون کو صبح 10.30 بجے مانچسٹر سینٹرل لائبریری پر پرچم لہرایا گیا۔ مسلح افواج کیلئے یادگاری تقریب ہفتہ 29جون صبح 11:00 بجے سے شام 4بجے تک سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہوگی۔ فوجی پریڈ اورلنکاشائر آرٹلری بینڈ کی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ ہر عمر والوں کے لیے اس مفت عوامی پروگرام میں لائیو میوزک بھی پیش کیا جائے گا جس میں نوجوانوں کیلئے فیس پینٹنگ کا بھی انتظام ہوگا اور ایک آرمی لائٹ گن ڈسپلے پر رکھی جائے گی۔ خصوصی طور پر منتخب کردہ معلوماتی اسٹالز حاضر ہوں گے جیسے آرکائیو، لائبریریاں اور ویٹرنز میوزیم جو شائقین کو مسلح افواج میں زندگی کی تاریخ پر معلومات فراہم کریں گے۔ لارڈ میئر کونسلر پال اینڈریوز، لارڈلیفٹیننٹ آف گریٹر مانچسٹر مسز ڈیان ہاکنز ، کونسلر ٹومی جج، مسلح افواج کے لیڈ ممبر بھی شریک ہوں گے۔ لارڈ میئر کونسلر پال اینڈریوز نے اس موقع پرکہا کہ مسلح افواج کے ہفتہ اور دن کو منانا ہماری کمیونٹی کے ہزاروں خدمت کرنے والے مردوں اور خواتین کی بے لوث اور بہادرانہ قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ مانچسٹر میں مسلح افواج کی کوششوں کو تسلیم کرنے کی ہمارے پاس ایک بھرپور تاریخ ہے اور یہ دن ماضی اور حال دونوں میں ان کے کارناموں کو تسلیم کرنے کا ایک تسلسل ہے۔ مانچسٹر کے لارڈ میئر کے طور پر مجھے اس سال تقریبات کا حصہ بننے اور ایک ہفتے کی یادگاری تقریبات کے ذریعے یہ دکھانے کے قابل ہونے کا اعزاز حاصل ہے کہ ہم ان کی انتھک خدمات کیلئے کتنے شکر گزار ہیں۔کمیونٹیز 29جون کو سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہمارے ساتھ شامل ہو کر اپنی حمایت کا اظہار کریں۔