پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی خاندانی صلح کی تردید

June 27, 2024

فائل فوٹو

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی نے خاندانی صلح کی تردید کر دی۔

ایک بیان میں قیصرہ الہٰی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کا چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی میں کوئی کردار نہیں اور کسی قسم کی خاندانی صلح نہیں ہوئی۔

قیصرہ الہٰی کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کی رہائی اللّٰہ کے کرم سے ہوئی، عدالتوں نے انصاف فراہم کیا، پرویز الہٰی نے شجاعت صاحب کو پیغام دیا ہے ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ واپس ہونے تک کوئی بات نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مونس الہٰی ہی نہیں بلکہ چوہدری پرویز الہٰی بھی پی ٹی آئی کے ساتھ رہیں گے، چوہدری پرویز الہٰی نے حالیہ بیان میں بھی اس بات کو واضح انداز میں کہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی ق لیگ میں جانے کو نہ اب تیار ہیں نہ آئندہ ایسا ہو گا، ق لیگ ایسی جماعت بن چکی ہے جو چوری کے مینڈیٹ پر قائم ہے، کوئی بھی عقل اور شعور رکھنے والا ق لیگ کا ممبر نہیں بن سکتا۔

چوہدری شجاعت کے دونوں بیٹے سارا وقت ہمارے خلاف جھوٹ پھیلانے میں مصروف ہیں، سال سوا سال سے یہ دونوں بھی مختلف ذرائع سے ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں، نہ جانے یہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلا کر کیا مقاصد حاصل کرنے چاہتے ہیں۔