پی ٹی آئی نے عدت میں نکاح کیس کی اپیلوں پر فیصلہ مسترد کردیا

June 27, 2024


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عدت میں نکاح کیس کی اپیلوں پر ایڈیشنل عدالت کا فیصلہ مسترد کردیا۔

بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف عدت میں نکاح کیس میں سزا معطلی کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنادیا گیا۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنایا جو 10 صفحات پر مشتمل ہے۔ اپیلوں پر فیصلہ 25 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ صریحاً ناانصافی ہے، مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، جج افضل مجوکا کے فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ ابتداء سے لے کر آج تک ہر موقع اور ہر قدم پر قانون و انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں، اس مقدمے کو بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو جیل میں رکھنے کا جواز بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ٹرائل کورٹ اور موجودہ عدالت خود کو انصاف کی محافظ ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے، تحریک انصاف فوری طور پر اس فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ کی رہائی کیلئے ہر ممکن قدم کرے گی۔