پاک سوئس تعلقات کی 75 ویں سالگرہ، سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے استقبالیہ کا انعقاد

June 29, 2024

برن( پ ر) سوئٹزرلینڈ میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے پاک ، سوئٹزرلینڈ سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب برن میں یونیورسل پوسٹل یونین میں منعقد ہوئی جس میں سفارتخانےکے اعلیٰ سرکاری حکام، سفرا، تاجروں، صحافیوں اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ ایف ڈی ایف اے کے ڈپٹی سیکرٹری ایمبیسیڈر تھامس گوربر( Thomas Grueber )تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سفیرپاکستان عامرشوکت اور ان کی اہلیہ نے تقریب میں مہمانوں کوخوش آمدید کہا۔ اس موقع پر پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔ سفیر پاکستان نے تمام مہمانوں اور خاص طور پر تھامس گوربر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ نے ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے اور خاص طور پر جب پاکستان میں سیلاب آیا تو سوئس حکومت نے بھرپور ساتھ دیا اور یہ دوستی مستقبل میں بھی مضبوط تر ہوگی ۔ تھامس گوربر نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ اور پاکستان کے درمیان متعدد دوطرفہ معاہدے ہیں جن میں سرمایہ کاری کے تحفظ، قرضوں کے استحکام، ہوا بازی، دوہرے ٹیکس کے ساتھ ساتھ مالیاتی کھاتوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ شامل ہیں۔ سوئٹزرلینڈ بھی پاکستان کے ساتھ باقاعدہ سیاسی مذاکرات میں مصروف ہے۔ مذاکرات کا گیارہواں دور نومبر 2021میں اسلام آباد میں ہوا تھا۔ سوئٹزرلینڈ اور پاکستان اچھے تجارتی اور اقتصادی تعلقات رکھتے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ ہمیشہ سے پاکستان میں سب سے اوپر سات غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاروں میں سے ایک رہا ہے۔ بڑی سوئس کمپنیاں پاکستان میں موجود ہیں جن میں تقریباً 15000افراد کام کر رہے ہیں۔ 2021میں پاکستان کو سوئس برآمدات تقریباً 398ملین امریکی ڈالر اور بنیادی طور پر مشینری، کیمیائی اور دواسازی کی مصنوعات اور گھڑیاں شامل ہیں۔