واپڈا نے اوورسیز پاکستانی کی فیکٹری کا ٹرانسفارمر اتار لیا

June 29, 2024

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) اوورسیز پاکستانی کے ملک سے باہر جاتے ہی واپڈا والے اس کی فیکٹری کا ذاتی خرید کردہ ٹرانسفارمر اتار کر لے گئے۔ یہ واقعہ جرمنی میں مقیم وزارت اوورسیز کے سابق فوکل پرسن اور سابق وزیر اعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو کے بیرون ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سابق ایڈوائزر مہر محمد یوسف چاند کے ساتھ پیش آیا ۔ مہر یوسف چاند کے مطابق ان کی گجرات کے علاقے حسین کالونی، کالو پورہ میں ایک چھوٹی سی فیکٹری ہے جس میں ان کا اپنا ذاتی خرید کردہ ٹرانسفارمر لگا ہوا تھا۔ یہ فیکٹری نشیب میں ہونے کی وجہ سے پانی جمع ہونے کے سبب بند پڑی ہوئی ہے۔ وزیراعظم کے سابق مشیر کے مطابق ابھی کچھ عرصہ قبل وہ پاکستان میں تھے کہ انہیں بند فیکٹری میں لگے ہوئے میٹر کا بل موصول ہوا جو انہوں نے جمع کرا دیا اور محکمہ اپنا میٹر اتار کر لے گیا لیکن جیسے ہی وہ پاکستان سے جرمنی پہنچے ہیں تو انہیں اطلاع ملی کہ محکمہ ان کا اپنا ذاتی خریدا ہوا ٹرانسفارمر بھی اتار کر لے گیا ہے جس کا اسے کوئی حق حاصل نہیں تھا۔ مہر محمد یوسف چاند نے بتایا کہ اس سے قبل ان کی پاکستان میں موجودگی کے دوران ہی نامعلوم افراد ان کی فیکٹری کا مرکزی دروازہ لے گئے تھے جس کی شکایت مقامی پولیس کے پاس درج ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کیونکہ اب انہوں نے اپنی فیکٹری کو بھراؤ کراکر اونچا کرلیا ہے اور وہاں سے پانی نکال دیا گیا ہے اس لیے کچھ لوگ اس پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں، یہ تمام حرکتیں ان کے ساتھ اسی وجہ سے کی جارہی ہیں، انہوں نے محکمے اور علاقائی حکام سے اپیل کی کہ وہ ان ناجائز اور غیرقانونی باتوں کا نوٹس لیں اور اوورسیز کو تنگ کرکے اپنے ملک سے متنفر کرنےکی کوششوں کا سدباب کریں۔