بحیرۂ اسود میں امریکی اشتعال انگیزیوں کا سخت جواب دیں گے، روس کا انتباہ

June 30, 2024

ماسکو (نیوز ڈیسک) روس نے بحیرۂ اسود میں امریکی جاسوس ڈرون کی کارروائیوں پر سخت جواب دینے کی دھمکی دے دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوو نے فوجی ماہرین کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بحیرہ اسود پر امریکی ڈرون کی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے لیے تجاویز پیش کریں۔ وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں بحیرہ اسود پر امریکی ڈرون کی پروازوں پر کشیدگی میں اضافے کا اشارہ دیا گیا یہ ڈرون ہتھیاروں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق بحیرہ اسود پر امریکی ڈرون کی پرواز سے روسی فضائیہ کے ساتھ تصادم کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ یہ صورتحال کیف حکومت کے ساتھ یوکرینی تنازع میں امریکا اور ناٹو ممالک کے بڑھتے ہوئے کردار کی تصدیق کر رہی ہے۔ بیان میں جزیرہ نما کریمیا کا ذکر نہیں کیا گیا جسے ماسکو نے 2014میں یوکرین سے لے کر اپنے ساتھ ضم کر لیا تھا۔ لیکن یوکرین کی فوج اکثر کریمیا میں روسی فوجی تنصیبات کو میزائلوں سے نشانہ بناتی ہے۔ اس سے قبل یوکرین کے ایک ڈرون نے روس میں ایندھن کے گودام کو نشانہ بنایا تھا۔ روسی وزارت دفاع نےیوکرینی ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔