مارگیج کی شرح قوت ادائیگی سے بڑھتی جارہی ہے، بلڈنگ سوسائٹی

July 02, 2024

لندن (پی اے) برطانیہ میں مارگیج کی شرح قوت ادائیگی سے بڑھتی جارہی ہے، جس کی وجہ سے مکان خریدنے والے بہت سے لوگ پریشان ہیں۔ بلڈنگ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ برسوں کے دوران آمدنی میں مکان کی قیمتوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود مارگیج کی شرح میں ہونے والے اضافے پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ بلڈنگ سوسائٹی نے یہ تبصرہ اس وقت کیا ہے جبکہ جون کے مہینے میں مکانوں کی قیمتیں نسبتاً مستحکم رہیںاور جون کے دوران مکانوں کی قیمتوں میں مئی کے مقابلے میں 0.2فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد مکان کی اوسط قیمت266,064پونڈ تک پہنچ گئی، مکانوں کی یہ قیمتیں ایک سال کے مقابلے میں 1.5 فیصد زیادہ ہیں۔ نیشن وائڈ کے مطابق گزشتہ 12ماہ کے دوران مکانوں کی لین دین یعنی خریدوفروخت مندی کا شکار رہی اور گزشتہ سال 2019 کے مقابلے میں 15 فیصد کم سودے ہوئے۔ مکانوں کی خریداری کیلئے قرض دینے والے ادارے کا کہنا ہے کہ مارگیج کی شرح میں اضافے کی وجہ سے مارکیٹ، جو 2021 کے آخر سے بینک آف انگلینڈ کی جانب سے سود کی شرح میں اضافے کی وجہ سے تیزی پر تھی، متاثر ہوئی ہے۔ نیشن وائڈ کے چیف اکنامسٹ کا کہنا ہے کہ مارگیج کی شرح اب بھی کورونا کی وبا کے دوران 2021 کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے، مثال کے طورپر 2021 میں قرض لینے والے کو 25 فیصد ڈپازٹ پر5سال کے فکس ریٹ پر 1.3 فیصد سود دینا پڑتا تھا لیکن اب اسے کم وبیش 4.7 فیصد سود ادا کرنا پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے مکان خریدنے کی سکت مزید کم ہوگئی ہے۔ نیشن وائڈ نے یہ اعدادوشمار بلڈنگ سوسائٹی کے اپنے مارگیج کی شرح کے اعدادوشمار کے مطابق دیئے ہیں، ان میں وہ خریدار شامل نہیں ہیں، جو نقد قیمت دے کر مکان خریدتے ہیں یا مکان خرید کر کرائے پر دینے کی ڈیل کے تحت مکان خریدتے ہیں۔ ایک تہائی مکان نقد قیمت کی ادائیگی پر خریدے جاتے ہیں۔ سود کی شرح میں اضافے کہ وجہ سے مکان کی قیمتوں پر پڑنے والے اثرات کے نتیجے میں گزشتہ سال مکانوں کی فروخت میں کم وبیش 25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مکانوں کی نقد خریداری کی شرح کورونا کی وبا کے دور کے مقابلے میں 5 فیصد بڑھ گئی۔ مارگیج کی شرح قابل ادائیگی حد تک رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ مکان کی خریداری کے وقت زیادہ نقد ادائیگی کی جائے، اگر آپ کے پا س کم شرح کی فکس ڈیل کا وقت ہے تو آپ زیادہ ادائیگی کر کے مستقبل میں بچت کرسکتے ہیں۔ صرف سود پر مارگیج کو ترجیح دیں، اس سے آپ کی ماہانہ ادائیگی آپ کی قوت ادائیگی کے مطابق رہے گی،مارگیج کی مدت میں اضافہ کردیں، عام طورپر مارگیج کی مدت 25 سال ہوتی ہے لیکن اب 30 اور40 کی مدت بھی دستیاب ہے۔