ڈیموکریٹس رہنما اپنا وزن بائیڈن کے پلڑے میں ڈالنے لگے

July 02, 2024

واشنگٹن (اےایف پی) امریکی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ پہلے مباحثے میں امریکی صدر جوبائیڈن کی خراب کارکردگی کے بعد ڈیموکریٹس کے سینئر رہنماؤں نے اپنا وزن بائیڈن کے پلڑے میں ڈالنا شروع کردیا ہے ، سابق امریکی صدور باراک اوباما کے بعد سابق صدر بل کلنٹن، سابق امریکی اسپیکر پارلیمنٹ نینسی پیلوسی، ڈیموکریٹس کے حمایت یافتہ گورنرز اور سینیٹرز بھی بائیڈن کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بائیڈن کو دستبردار نہیں ہونا چاہئے ، دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے کہ بائیڈن صدارتی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اپنے اہلخانہ سے ملاقات کررہے ہیں۔ ڈیموکریٹس کے کسی بھی سینئر رہنما نے بائیڈن سے دستبردار ہونے کا مطالبہ نہیں کیا ہے ۔ سابق صدور باراک اوباما اور بل کلنٹن نے ایک ایسے وقت میں بائیڈن کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے جب ان سے دستبردار ہونے کے مطالبات بڑھ رہے ہیں اور نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈ نے بھی ان سے صدارتی دوڑ سے علیحدہ ہونے کا مطالبہ کیا ہے ۔ سابق اسپیکر پارلیمنٹ نینسی پیلوسی کا کہنا ہے کہ یہ مباحثے میں کارکردگی کی نہیں بلکہ صدارتی نشست پر براجمان رہتے ہوئے کارکردگی دکھانے کی بات ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف دیانتداری اور دوسری طرف بددیانتی ہے ۔ امریکی صدارتی الیکشن سے متعلق مباحثے کے دو روز بعد کئے گئے سی بی ایس کے پول کے نتائج کے مطابق ایک تہائی امریکی ووٹرز کی رائے ہے کہ بائیڈن کو صدارتی دوڑ سے علیحدہ ہوجانا چاہئے ، مطالبہ کرنے والوں میں 46فیصد ڈیموکریٹس بھی شامل ہیں۔