پاکستان کی ترقی میں خواتین بھی مصروف عمل ہیں، جاوید مغل

July 02, 2024

برسلز ( نمائندہ جنگ )ادبی وثقافتی تنظیم بزم ندرت فکر کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں آپا منزہ جاوید کی کتاب افکار منزہ کی تقریب رونمائی دانشور ماریہ قریشی کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ بزم کے چیف ارگنائزرجاوید اقبال مغل نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کے لیے ایسی تقاریب وقت کی ضرورت ہیں۔ جاوید مغل نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی ترقی میں جہاں محب وطن لوگ کردار ادا کر رہے ہیں وہاں خواتین بھی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا اہم کردار ہے، پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک خود کو ممتاز کیا۔خواتین سیاست، بیورو کریسی، عدلیہ، سیکورٹی کے اداروں اور تعلیم جیسے اہم محکموں میں مردوں کے شانہ بشانہ شاندار خدمات انجام دے رہی ہیں، ان خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنا ضروری ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں پاکستان کیلئے وقف کر دیں ۔بزم ندرت فکر پاکستان اور قوم کے وسیع تر مفاد میں تقریبات کا اہتمام کرتی رہتی ہے تاکہ خواتین کی حوصلہ افزائی ہوتی رہے ۔ ممتازسماجی و ثقافتی شخصیات عظمیٰ عباس زاہدہ، چوہدری وحیدہ خان نے مصباح کیانی، اظہر کامل، فاطمہ اشفاق، فاخرہ حنا،حمزہ ایاز، عمران رشدی، حمزہ بھٹی، ایاز محمود اور دیگر معززین کو حسن کارکردگی ایوارڈز تقسیم کئے۔