اُپندرہ دیویدی آج 30 ویں انڈین آرمی چیف کا چارج سنبھالیں گے

June 30, 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) انڈین آرمی کے موجودہ سربراہ جنرل منوج پانڈے 26ماہ کی اپنی معیاد مکمل کر کے آج اتوار 30جون کی سہ پہر نئے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل اُپندرہ دیویدی کو چارج سونپ دینگے،لیفٹیننٹ جنرل سبرامانی نئے وائس چیف آف آرمی سٹاف، سین گپتا سنٹرل کمانڈ کے جی او سی مقرر ۔ انڈیا میں چینج آف کمانڈ کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل منوج پانڈے کمانڈ اسٹک (کمان چھڑی) نئے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل اُپندرہ دیویدی کے حوالے کریں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل اُپندرہ دیویدی بھارتی آرمی کے30ویں چیف کا عہدہ 30جون 2024ء کو سنبھالیں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل سبرامانی آج سے تیسویں آرمی چیف کے ساتھ نئے وائس چیف آف دی آرمی سٹاف تعینات ہو جائیں گے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل سین گپتا سنٹرل کمانڈ کے نئے جنرل آفیسر کمانڈنگ بن جائیں گے۔ 69ہفتے سے زائد سروس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجہ سبرامانی اتوار کو انڈین آرمی کی سنٹرل کمانڈ کی کمان سے فارغ ہو جائینگے اور وہ وائس چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالیں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل سبرامانی کی جگہ سنٹرل کمانڈ میں لیفٹیننٹ جنرل عنددیا سین گپتا نئےجنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف بن جائیں گے۔ اس وقت وہ بھارت کے ناردرن کمانڈ کے چیف آف سٹاف ہیں۔ انڈین آرمی کے نئے چیف اپنے 39سالہ کیریئر کے دوران ناردرن آرمی کمانڈر اور ڈائریکٹر جنرل انفنٹری بھی رہے۔ اُنہوں نے 1984ء میں انڈین آرمی میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ ہماچل پردیش میں انڈین آرمی کی نویں کور کے سربراہ ڈپٹی چیف ایٹ آرمی ہیڈ کوارٹرز بھی رہے۔