ایک واقعے کی ایک سے زائد FIR درج نہیں ہوسکتی، اسلام آباد ہائیکورٹ

June 30, 2024

راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ایک ہی الزام کے تحت درج مقدمات کے اخراج کی درخواست میں حکم دیا ہے کہ ایک واقعے کی ایک ہی ایف آئی آر اسکے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید احمد کیخلاف کیماڑی کراچی اور دیگر مقدمات سے متعلق درخواستوں میں 41صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا اور کہا کہ ایک وقوعہ کی متعلقہ پولیس اسٹیشن کے سوا دوسری ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی، طے شدہ اصول ہے ایک ہی جرم میں ایک سے زائد بار کسی کو پراسیکیوٹ نہیں کیا جا سکتا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئینی عدالتوں کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں، شیخ رشید کے کیس میں وقوعہ اسلام آباد پولی کلینک کا تھا اسلئے عدالتی دائرہ اختیار ہے، شیخ رشید کیخلاف پولیس اسٹیشن موچکو کیماڑی کراچی کا مقدمہ خارج کیا جاتا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سیاسی جماعتیں حکومت میں ہوتے سیاسی مخالفین پر frivolous کیسز بناتیں ہیں، سیاسی مخالفین پر ایک ہی الزام پر ملک کے مختلف حصوں میں مقدمات درج کروائے جاتے ہیں، سیاسی مخالفین کو اس طرح ٹارچر کرنا ہراساں کرنا سپریم کورٹ سے طے شدہ قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے، جمہوریت اور قانونی کی حکمرانی کیلئے یہ بھی درست نہیں اسلئے یہ کرنے سے پہلے دو دفعہ سوچنا چاہیے۔