برطانیہ: انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل، تمام پارٹیاں جیت کیلئے پُرعزم

July 03, 2024

لیڈز( زاہد انور مرزا) برطانیہ میں 4جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی مہم آخری مراحل میں داخل ہوگئی ۔ڈور ٹو ڈور مہم کے ساتھ کارنر میٹنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایشیائی علاقوں میں لیبر پارٹی، کنزرویٹو پارٹی لبرل ڈیموکریٹ پارٹی، گرین پارٹی کے ساتھ ورکر پارٹی اور آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد انتخابات میں مد مقابل ہے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے سوشل میڈیا کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے تمام سیاسی پارٹیاں اپنی پارٹی کا منشور گھر گھر پہنچانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ ان انتخابات میں تقریبا چار ہزار سے زائد امیدوار اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں،اسرائیل، فلسطین جنگ میں یہ انتخابات خاص اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ فلسطین جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور سیاسی پارٹیوں کی عدم دلچسپی پر بہت سے پڑھے لکھے نوجوان دو بڑی سیاسی جماعتوں کی فلسطین کے مسئلے پر پارٹی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔انتخابات میں تمام سیاسی پارٹیاں جیت کیلئے پُرعزم ہیں لیکن چار جولائی کو عوام کا ووٹ فیصلہ کرے گا کہ کون سی پارٹی اقتدار میں آئےگی۔