تارکین وطن کیلئے سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے، لیبر اقتدار میں آ کرمسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کرے گی، افضل خان

July 03, 2024

مانچسٹر( نمائندہ جنگ) لیبر پارٹی اقتدار میں آ کر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار لیبر پارٹی کے مرکزی رہنما سابق شیڈو وزیر امیگریشن افضل خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 40سال سے کشمیر کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں، لیبر پارٹی فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی جب کہ فلسطین کے عوام کی امداد اور بحالی میں ہم مرکزی کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں 15لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن آباد ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم ٹریڈ اور ٹورازم کو پروموٹ کریں گے۔ برطانیہ میں آباد تارکین وطن کیلئے سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ برطانیہ اور پاکستان میں تجارت کو فروغ دیں گے، انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر یو این او کی منظور شدہ قراردادیں ہیں، یہ دونوں مسئلے دنیا کے امن کیلئےخطرہ ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایٹمی جنگ سے بچانے کیلئے ان دونوں مسئلوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی مکمل طور پر فلسطین کے حق میں ہے انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی کے اجلاس میں 56ممبران پارلیمنٹ نے فلسطین کے حق میں آواز اٹھائی تھی، وقت کے ساتھ یہ آواز مضبوط اور توانا ہو گئی ہے۔آج لیبر پارٹی فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر ان کے حقوق کی سب سے بڑی علمبردار جماعت ہے ،انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام پر نو ماہ سے جو ظلم و ستم ہو رہا ہے اس سلسلہ میں برطانیہ کی پارلیمنٹ فوری جنگ بندی کی قرارداد پاس کر چکی ہے جو لیبر پارٹی کی تھی، انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی عوام دوست پارٹی ہے جو امیگریشن کے مسائل پر بھی انقلابی اقدامات اٹھائے گی ۔اس موقع پر لیبر پارٹی کے رہنما سابق ایم پی اینڈریو نے کہا لیبر پارٹی غزہ کے مظلوم فلسطینوں کے ساتھ ہے ،انسانیت کے خلاف جہاں کہیں بھی ظلم و ستم ہوگا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ،ہم فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر دونوں فریقین کو مذاکرات پر رضامند کیا جائے ۔جنگ سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا، فلسطین میں ہسپتالوں اور سکولوں کے علاوہ گھروں کو بھی صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا ہے جسے دیکھ کر اب تو یہودی بھی مذمت کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ لوگ چار جولائی کو زیادہ سے زیادہ لیبر پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں تاکہ وہ ان عوام دوست پالیسیوں کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرا سکیں۔