مسئلہ کشمیر کا فوری حل ضروری ہے، چوہدری طاہر علی

July 03, 2024

برمنگھم (پ ر) برطانیہ کے عام انتخابات میں ہال گرین، موزلے سے لیبر امیدوار چوہدری طاہر علی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان ، بھارت کے درمیان کوئی سرحدی تنازع نہیں بلکہ یہ ایک کروڑ تیس لاکھ انسانوں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے جسے فوراً حل کرنا اشد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیبر پارٹی کے سینئر رہنما محمد سعید مغل ایم بی ای کی رہائش گاہ پر لیبر پارٹی کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیر سید منور حسین شاہ جماعتی چیئرمین امیر ملت جامع مسجد شیکسپئر اسٹریٹ برمنگھم، محمد سلیمان قریشی، رانا نوید، ظفر اقبال مغل اور سکندر اقبال مغل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ برطانیہ بھر میں ان امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کیا جائے جو کشمیر اور فلسطین کے دوست ہیں اور منتخب ہو کر مسئلہ کشمیر اور فلسطینی عوام کے حمایت میں اپنا کردار ادا کر یں۔رہنماؤں نے کہا ہال گرین و موزلے کے امیدوار چوہدری طاہر علی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور جرأت مند ہیں،ہمیشہ حق و سچ کی بات کرتے ہیں، چوہدری طاہر علی جیسے امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب کرانا ہمارا فرض ہے جس کیلئے سب کا متحد ہونا ضروری ہے طاہر علی اپنےکردار اور تجربہ کی بدولت اس بار اکثریت سے منتخب ہوں گے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کردار ادا کریں گے۔