خالد مقبول نے بھٹو کے حوالے سے گمراہ کن باتیں کیں،سعید غنی

July 03, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے حوالے سے گمراہ کن باتیں کی ہیں ، کوٹہ سسٹم کا آغاز لیاقت علی خان نے کیا تھا بھٹو نے نہیں کیا تھا، ایم کیو ایم نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر سندھ میں نفرت کی سیاست بڑھانے کی کوشش کی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی، وزیر اعلٰی سندھ کے مشیر نجمی عالم کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو نفرت کی سیاست کا سبق ان کے بانی نے پڑھایا ہے اور ان کو جب جہاں موقع ملتا ہے یہ ثابت کرتے ہیں کہ یہ اس بانی کے پیروکار ہیں ایم کیو ایم چاہتی تھی کہ جو بھرتیاں ہوں اس کے لئیے کمیٹی بنے اور ایم کیو ایم کے نمائندے اس میں شامل ہوں ، خالد مقبول کا اصل تو مصطفی کمال ہےایم کیو ایم تو پی ایس پی کے نرغے میں ہے،ن لیگ حکومت بنتے وقت پیپلز پارٹی کے ساتھ گورنر سندھ کے حوالے سے کئے گئے معاہدے پر عمل کرے اور فوری طور پر گورنر سندھ کو ہٹا کر یا اپنا گورنر لگائے یا پھر پیپلز پارٹی کا گورنر سندھ لگائے ۔ سعید غنی نے کہا کہ جب جب اس صوبے میں ماحول میں بہتری آتی ہے ایم کیو ایم رہنما زہر اگلنا شروع کر دیتے ہیں پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومت تھی تو خالی اسامیوں کو پر کرنے کے لئے اخبارات میں اشتہار دئیے اور قانونی طریقہ اختیار کیا۔