مون سون، وزیراعظم کی تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

July 03, 2024

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مون سون کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اعلی ٰسطح کی کمیٹی قائم کر دی۔ یہ ہدایات وزیراعظم نے منگل کو اپنی زیر صدارت مون سون کی پیشگوئی اور اس سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جائزہ اجلاس میں دیں۔ اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے وڈیولنک کی ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم مون سون سے پیدا ہونے والی متوقع سیلابی صورتحال کی خود نگرانی کا فیصلہ کیاہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے تمام صوبائی حکومتوں و متعلقہ اداروں کی مون سون کے حوالے سے معاونت کرے، ہنگامی صورتحال میں متوقع طور پر متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو مون سون کے حوالے سے پیشگی اطلاعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کسانوں اور دریاؤں و ندی نالوں کے گردونواح میں مقیم لوگوں کو روزانہ کی بنیادوں پر میڈیا و دیگر ذرائع سے پیشگی اطلاعات دی جائیں، مون سون کے حوالے سے پیشگی اطلاعات کو قومی نشریات کا حصہ بنایا جائے، کسانوں کو باقاعدگی کے ساتھ موسم کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔