63 فیصد سیکنڈری اسکولوں کو لینگویج ٹیچرز کی خدمات حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا

July 17, 2024

لندن (پی اے) برٹش کونسل کی سالانہ لینگویج سے متعلق ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ63فیصد سرکاری سیکنڈری اسکولوں کو اور46فیصد پرائیوٹ اسکولوں کو لینگویج ٹیچرز کی خدمات حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ ایک سرکاری سیکنڈری اسکول کے ٹیچر کا کہناہے کہ اسے کئی سال سے تجربہ کار لینگویج ٹیچر نہیں مل سکا اور اس سال بھی صرف ایک امیدوار سامنے آیا ہے جس کا انٹرویو کرنا ہے۔ سروے سے یہ بھی بات سامنے آئی ہے کہ انڈیپنڈنٹ اسکولوں کو سرکاری اسکولوں کی نسبت زیادہ آسانی سے غیر ملکی زبان پڑھانے والے ٹیچر مل جاتے ہیں ۔24فیصد سرکاری اسکولوں کا کہناہے کہ ان کو لینگویج اسسٹنٹ مل گئے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں 68فیصد پرائیوٹ اسکولوں کو لینگویج ٹیچر کی خدمات دستیاب ہیں۔ بلفاسٹ کی کوئنز یونیورسٹی کے جدید زبانوں کے سینئر لیکچرار ڈاکٹر Ian Collen کا کہناہے کہ زبانیں سکھانے کیلئے بیرون ملک تعلقات سے بہت مدد ملتی ہے ،انھوں نے کہا کہ اسکولوں کیلئے اپنے طلبہ کو تعلیمی دوروں پر بیرون ملک لے جانے میں آسانیاں فراہم کی جانی چاہئیں۔ برٹش کونسل کے اسکول ایڈوائزر وکی گف کا کہناہے کہ یہ بڑی تشویشناک بات ہے کہ مسلسل کوششوں کے باوجود اسکول اب بھی لینگویج ٹیچر کی خدمات حاصل کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں ،لینگویج ٹیچرز کی کمی سے کوئی بھی زبان موثر طورپر سکھانے کے بارے میں ہماری صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ تمام طلبہ کو ان کی ضرورت کے مطابق زبان سکھانا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ اسکول اور کالج ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کا کہناہے کہ ہم اسکول اور کالج کے سربراہوں سے روزانہ جو شکایات سنتے ہیں یہ رپورٹ اسی کی عکاسی کرتی ہے انھوں نے کہا کہ زیادہ تر سبجیکٹس کے اساتذہ کی کمیابی کی شکایات عام ہیں لیکن لینگویج ٹیچرز کی کمی بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 2سال کے دوران جدید زبانوں کے ٹیچرز کی صرف ایک تہائی تعداد ہی کی خدمات حاصل کی جاسکی ہیں ۔ اساتذہ کی اس کمی کے سبب اسکولوں کو ایسی ٹیچرز کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہے جو اسپیشلسٹ نہیں ہوتے یا اپنے نصاب کو کم کرنا پڑتاہے یہ بات زبانوں کی تربیت اور نوجوانوں کیلئے اس کی اہمیت کے پیش نظر خوش آئند نہیں ہے ۔اسکولوں کے سربراہوں کی یونینNAHT کے اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری جیمز بوون کا کہناہے کہ غیر ملکی زبان سیکھنے کی بڑی اہمیت ہے اور پرائمری اور سیکنڈری دونوں طرح کے اسکولوں میں بعض بہت اچھی زبانیں پڑھائی اور سکھائی جارہی ہیں۔ اگر زیادہ لوگوں کو کوئی زبان سیکھنی ہے تو ہمیں یہ کمی دور کرنا ہوگی، محکمہ تعلیم کے ایک ترجمان کا کہناہے کہ کوئی زبان سیکھنا صرف ان لوگوں کیلئے محدود نہیں رہنا چاہئے جو اسکول سے باہر اسے سیکھنے کیلئے ادائیگی کی سکت رکھتے ہوں ہم اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے اور ہر بچے کو اعلیٰ معیار کی زبان سکھانے کی سہولت فراہم کرکے زندگی کے بہترین مواقع فراہم کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں کیونکہ اعلیٰ معیار کی تدریس بچے کی تعلیم اور زندگی میں آگے بڑھنے کے اس کے امکانات پر بہت بڑا اثر ڈالتی ہےانھوں نے کہا کہ لینگویج ٹیچر کی تربیت کا کورس اس سال شروع کیا جاچکاہے اور محکمہ ٹیچرز کی بھرتی کی مہم کو تیز کررہی ہے۔