الیکشن میں ہراساں اور پریشان کئے جانے والے واقعات کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ

July 17, 2024

لندن (پی اے) سیاسی تشدد سے متعلق امور کے مشیر لارڈ والنے نے مشورہ دیا ہے کہ الیکشن میں ہراساں اور پریشان کئے جانے والے واقعات کی تحقیقات کرائی جائے اور یہ معلوم کیا جائے کہ کیا ایسا انتہاپسند گروپوں نے منظم انداز میں کیا ہے انھوں نے وزیر داخلہ یوویٹ کوپر اور سیکورٹی کے وزیر ڈین جروس سے مختلف حلقوں سے شواہد جمع کرنے اور مختلف گروپوں کا پتہ چلانے کیلئے ایک چھوٹی انکوائری کرانے کیلئے کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہوم آفس کا کہنا ہے کہ اسے ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے کی سنگین رپورٹس ملی ہیں اور حکام اس حوالے سے متاثرہ افراد سے رابطے کر رہے ہیں لارڈ والنے نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ گزشتہ کئی مہینے سے ایسے شواہد سامنے آئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتہاپسندوں نے ارکان پارلیمنٹ کیلئے ایک کشیدہ ماحول تیار کرنے کیلئے مربوط مہم چلائی تاکہ ارکان پارلیمنٹ کو اپنے سیاسی مطالبات کے سامنے جھکنے پر مجبور کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ بعض انتخابی حلقوں اور کمیونٹیز میں انتخابی مہم کے دوران مقامی اور قومی سیاست دانوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات ہماری جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اس حوالے کام پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ سلسلہ جاری نہ رہ سکے اور اس سے ہماری جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ نہ رہے۔ انھوں نے کہا کہ اب انتخابات کے بعد نئی حکومت مزید آگے بڑھ کر کارروائی کرسکتی ہے، ان کی اس تشویش کو اسپیکر سر لنزے Hoyle کے اس تبصرے سے مزید تقویت ملتی ہے کہ اگر کوئی چیز مجھے رات کو جاگ کر گزار نے پر مجبور کرسکتی تھی تو وہ انتخابی مہم کے دوران میرے ارکان پارلیمنٹ کا تحفظ تھا، امیدواروں نے اپنے دفتر پر ہتھوڑوں سے حملہ کرنے اور نقاب پوش ارکان کی جانب سے کمیونٹی میٹنگ میں مداخلت کی شکایات کی ہیں۔ ٹائروں کو کاٹ کر ٹکڑے کئے گئے اور ارکان پارلیمنٹ کی فلمیں بنائی گئیں اور ان کا تعاقب کیا گیا۔ سر لنزے نے کہا کہ انھوں نے اس پہلے ڈرانے دھمکانے کی اتنی بری صورت حال کبھی نہیں دیکھی۔ لیبر پارٹی نے فلسطین کے حامی امیدواروں کے ہاتھوں شکست کھانا پڑی، جو اسرائیل غزہ تنازعے پر پارٹی کے موقف پر برہم تھے۔ ریفارم یوکے کے قائد نائجل فراج پر انتخابی مہم کے دوران ملک شیک اور دیگر اشیاء پھینکی گئیں، بہت سے ارکان پارلیمنٹ نے ہراساں کئے جانے اور ان کو اور ان کے حامیوں کو دھمکیاں دینے کی کوشش کئے جانے کی شکایت کی ہے۔ لارڈ والنے کے خط کے جواب میں ہوم آفس کے ایک ترجمان نے کہا کہ سیاسی طورپر دھمکیوں اور بہتان تراشی کی ہمارے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے، ہم نے دھمکیاں دیئے جانے، ہراساں کرنے اور زیادتی کی رپورٹس کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور مختلف ارکان پارلیمنٹ اور امیدواروں سے ذاتی طورپر رابطہ کیا جارہا ہے۔