کینیا میں 42 خواتین کا قاتل گرفتار، لاشیں کوڑے سے برآمد

July 17, 2024

نیروبی ( نیوز ڈیسک) کینیا کی پولیس نے نیروبی میں کوڑے کے ڈھیر سے خواتین کی مسخ شدہ لاشوں کی دریافت پر کارروائی کر تے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس نے 42خواتین کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن کے سربراہ محمد امین نے بتایاکہ ملزم نے 42خواتین کو لالچ دینے، قتل کرنے اور ان کی لاشوں کو کچرا پھینکنے والی جگہ پر ٹھکانے لگانے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے کہا کہ انہوں نے نیروبی میں کوڑے کے ڈھیر سے 9مسخ شدہ لاشوں کی لرزہ خیز دریافت کے بعد ایک مشتبہ سلسلہ وار قاتل کو گرفتار کر لیا۔ محمد امین نے بتایا نفسیاتی سلسلہ وار قاتل کے نزدیک انسانی جان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ امین نے کہاکہ ہمارے پاس ایک دوسرا مشتبہ شخص ہے جو متاثرین میں سے ایک کے موبائل ہینڈ سیٹ کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے شہر میں ایک کاروبار شروع کیا تھا،جو چل نہیں سکا اور وہ مقروض ہوگیا۔ اس طرح وہ نفسیاتی مریض بن گیا اور سب سے پہلے اپنی بیوی کو قتل کرکے لاش کو حصوں میں تقسیم کیا اور کچرا کنڈی میں پھینک دیا۔ دوسری جانب اس واقعے کے بعد عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے حکومت کو اس کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا۔