کراچی پولیس لاپتا صنعتکار کا 3 دن بعد بھی پتا نہ لگا سکی

July 26, 2024

ذوالفقار احمد : فوٹو فائل

کراچی کی پولیس آگرہ تاج کالونی سے لاپتا ہونے والے ممتاز صنعتکار ذوالفقار احمد کا 3 دن بعد بھی پتا نہیں چلا سکی۔

ذوالفقار احمد کو 23 جولائی کو آگرہ تاج کالونی سے ڈبل کیبن گاڑی میں سوار افراد نے اس وقت اغواء کیا تھا جب وہ اپنی گاڑی میں دوست کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے لیکن فوری طور پر کیس میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

ذوالفقار احمد کے اہل خانہ نے گمشدگی پر سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کردی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی وزارت داخلہ، محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے۔