اولمپکس گیمز، ہانگ کانگ مکسڈ ڈبلز ٹیبل ٹینس کے سیمی فائنل میں، آسٹریلیا کے 4 گولڈ میڈلز

July 29, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیرس اولمپکس گیمز میں دوسرے روز اتوار کو آ سٹریلیا چار گولڈ میڈلز کے ساتھ سر فہرست ہوگیا، اس نے دو سلور میڈلز بھی اپنے نام کر لئے، میڈلز ٹیبل پر جنوبی کوریا، چین اور جاپان نے بھی تین، تین گولڈ میڈل جیت لئے ہیں، فرانس، امریکا، ہانگ کانگ، جرمنی، بیلجیم اور ازبکستان کے ایتھلیٹس بھی گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے، بھارت نے بھی میڈل حاصل کرنے کا کھاتہ کھول لیا، خاتون شوٹر نے 10 ایم ایئر پسٹل میں برونز میڈل اپنے نام کیا۔منو بھاکر اولمپک گیمز میں شوٹنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون بھی بن گئیں، شوٹنگ میں مجموعی طور پر بھارت نے 12 سال بعد اولمپک میں کوئی تمغہ حاصل کیا۔ آخری بار ہندوستان نے اولمپکس میں 2012 کے لندن ایڈیشن میں میڈل جیتا تھا۔2011 میں آزادی حاصل کرنے والے ملک جنوبی سوڈان نے اولمپکس کی تاریخ میں اپنا پہلا میچ جیت لیا۔پیرس اولمپکس میں باسکٹ بال کے مقابلوں میں جنوبی سوڈان نے پیورٹو ریکو کو ہرایا۔ یہ اولمپکس کے ٹیم مقابلوں میں جنوبی سوڈان کی پہلی کامیابی ہے۔دریائے سین میں آلودگی کی وجہ سے منتظمین نے ٹرائیتھلون کا ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا۔ باسکٹ بال میں کینیڈا نے سوئیڈن کو ، امریکا نے سر بیا کو شکست دی، ہاکی مقابلوں میں بیلجیم نے نیوزی لینڈ کو، برطانیہ نے اسپین کو ہالینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دی، ، تیر اندازی میں کوریا نے چین کو ، والی بال میں فرانس نے سر بیا کو ، ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں ہانگ کانگ نے اسپین کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، خواتین کے سیونز رگبی میں نیوزی لینڈ نے چین کو ناکامی سے دوچار کیا۔خواتین فٹبال میں زیمبیا نےآسٹریلیا کو شکست دی،دریں اثناءپیرس اولمپکس میں آسٹریلوی دستے میں شامل مسلم باکسر ٹینا رحیمی نے کہا ہے کہ فرانس میں آنے والے ایتھلیٹس پر حجاب کے حوالے سے پابندی عائد نہیں ہے، مسلم باکسر ٹینا رحیمی مکمل اسلامی لباس کے ساتھ باکسنگ میں حصہ لے رہی ہیں۔پیرس اولمپکس میں پاکستان کے شوٹرز گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت پیر کو 10 میٹر مکسڈ ٹیم مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف انفرادی مقابلوں میں نمایاں پرفارمنس نہیں دے سکے تھے تاہم اب دونوں مل کر مکسڈ ٹیم میں پاکستان کو میڈل دلانے کی کوشش کریں گے۔