قرض دینے والے بڑے اداروں میں مقابلہ آرائی، مارگیج کی شرح 4 فیصد تک آگئی

July 30, 2024

لندن (پی اے) بینک آف انگلینڈ کی جانب سے سود کی شرح میں کمی سے متعلق قیاس آرائیوں کے بعد قرض دینے والے بڑے اداروں میں مقابلہ آرائی شروع ہوگئی ہے جس کے نتیجے مین مارگیج کی شرح 4 فیصد تک آگئی ہے ۔ برطانیہ کی سب سے بڑی بلڈنگ سوسائٹی 40فیصد ڈپازٹ دے کر مکان خریدنے والے خریدار کو 3.99فیصد کی شرح سے مارگیج فراہم کرنے کو تیار ہے، مارگیج دینے والے دوسرے اداروں نے بھی اپنی شرح سود میں کمی کرنا شروع کردی ہے۔ مارگیج کے تجزیہ کار اس کو بڑے بینکوں کے درمیان شرح سود کی جنگ کی ابتدا قرار دے رہے ہیں فروری میں نیشن وائیڈ کے آفر ریٹ 4فیصد تھے۔ تاہم یہ نرخ فوری خریداری پر تھے ، تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ توقع ہے کہ مارگیج کی تجدید میں بھی شرح سود میں کمی کا یہ رجحان جاری رہے گا۔ تاہم مارگیج کیلئے قرض لینے پر آنے والے اخراجات بدستور گزشتہ 16سال کے مقابلے بہت زیادہ اور کم و بیش5.25فیصد تک رہیں گے لیکن بعض لوگ پیش گوئی کررہے ہیں کہ اس میں بینک آف انگلینڈ کی جانب سے شرح سود میں کی گئی کمی کے مطابق کمی ہوجائے گی۔ بعض تجزیہ کار پیش گوئی کررہے ہیں کہ اب جبکہ افراط زر کی شرح کم ہورہی ہے بینک آف انگلینڈ یکم اگست کو اپنی شرح سود میں کمی کا اعلان کردے گا۔ فی الوقت کم وبیش 1.6افراد اپنے مارگیج کی تجدید کرانے والے ہیں کیونکہ موجودہ شرح کے مطابق ان کی ڈیل کی مدت ختم ہورہی ہے۔ ان میں سے بعض نے صرف2 فیصد کی شرح پر مارگیج کرایا تھا اب ان کو پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔ موجودہ عام انتخابات کے نتیجے میں اب لوگ اور مارکیٹ زیادہ مستحکم نظر آرہی ہے پیر کو 5سال کیلئے فکسڈ مارگیج کی شرح 5.47فی صد سے کم ہوکر 5.40پر آچکی تھی۔ فی الوقت 2سال کیلئے فکسڈ مارگیج کی شرح 5.88فیصد سے کم ہوکر 5.81فیصد پر آچکی تھی مالیاتی ماہرین کا کہناہے کہ مارگیج کی شرح میں مزید کمی ہوگی لیکن یہ کمی کم ہوگی اس بارے میں کچھ نہیں کہاجاسکتا۔