انڈو نیشی شہری کا 145برس طویل العمری کا دعویٰ

August 28, 2016

رفیق مانگٹ...... انڈو نیشیا کے ایک شخص کا ناقابل یقین دعویٰ سامنے آیا ہے کہ وہ دنیا کا طویل العمر شخص ہے جس کی عمر 145برس ہے ،دستاویزات کے مطابق وہ 31دسمبر1870میں پیدا ہوا،انڈونیشئن حکام نے بھی ان کی دستاویزات کی تصدیق کردی۔ اس کی چار بیویاں ، دس بیٹے اور بیٹیاں انتقال کر چکی ہیں۔ اس نے طویل العمر ی کا راز ’صبر اور برداشت‘ بتایا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے مابہا گوٹھو نامی شخص کی طرف سے اچانک یہ دعویٰ سامنے آیا کہ وہ دنیا میں سب سے زیادہ عمر پانے والا شخص ہے، اخبار کے مطابق اس کی عمر 145 سال ہے جو ناقابل یقین ہے، اور اب وہ موت کی دہلیز پر ہے جس نے 1992میں اپنا کتبہ تیا ر کروا لیا تھا۔

طویل العمر شخص نے اپنی موت کا انتظار1992سے کرنا شروع کردیا تھا جب اس کی عمر122برس تھی۔ اس کے خاند ان نے اس کی قبر کے لئے جگہ تیار کر رکھی ہے جہاں اس کے بچوں کی قبریں ہیں۔ اب اس کا کہنا ہے کہ وہ مرنا چاہتا ہے ،اس کے پوتے خود انحصار ہیں۔

انڈونیشیا کے حکام کی طرف سے تسلیم شدہ دستاویزات کے مطابق مابہا گوٹھو کی تاریخ پیدائش31دسمبر1870ہے۔اس کی تمام بچے جن میں دس بیٹے اوربیٹیاں اور چار بیویاں بھی شامل ہیں سبھی انتقال کر چکے ہیں۔اب اس کے پوتے ،پڑپوتے اور پوتوں کے بھی پوتے ہیں۔ ان کی آخری بیوی کا انتقال 1988میں ہوا۔

اگر یہ دعویٰ درست ہوا تو یہ تاریخ کے سب سے طویل العمر شخص ہوں گے، اب تک طویل العمر شخص ہونے کا ریکارڈ ایک فرانسیسی خاتون کے پاس ہے جس نے122سال عمر پائی۔

مقامی ٹی وی نے مابہا گوٹھو کا انٹرویو بھی کیا ہے جس میں اس نے بتایا کہ وہ اب موت چاہتا ہے،اس کے پوتے کا کہنا ہے کہ اس کی قبر24برس سے تیار ہے۔

ا نڈونیشئین ریکارڈ آفس نے بھی ان کی تاریخ پیدائش کی تصدیق کردی ہے، اس کے شناختی کارڈ پر بھی 31دسمبر1870سال کی ہی عمر درج ہے، تاہم ان کاغذات کی آزادانہ تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔

مابہا گوٹھو اب بھی بیٹھ کر ریڈیو سنتے ہیں، تاہم ان کی نظر انتہائی کمزو ر ہو چکی ہے۔گزشتہ تین ماہ سے انہیں چمچ سے غذا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنی طویل العمر ی کا راز برداشت اور صبر بتایا۔

دنیا میں طویل العمر ہونے کئی دعویٰ دار ہیں جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی، ان میںنائیجیریا کے جیمز اولوفیتوئی نے171سال کی عمر جب کہ ایتھوپیا کے دھاقابو ایبا نے163سال کی عمر کا دعویٰ کر رکھا ہے۔