پاکستان تنہائی کا شکار نہیں صحیح سمت میں کھڑا ہے، سرتاج عزیز

September 01, 2016

اسلام آباد (جنگ نیوز) مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز نےکہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ دنیا میں جس طرح کی نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں پاکستان اس میں صحیح جانب کھڑا ہے۔سرتاج عزیز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ دنیا میں جس طرح کی نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں پاکستان اس میں صحیح مقام پر کھڑا ہے۔ پاکستان کے چین، روس اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے اچھے تعلقات ہیں۔ سرتاج عزیز نےکہا کہ کشمیر کا مسئلہ دنیا نے نہیں بلکہ کشمیریوں نے حل کرنا ہے۔ جو لوگ ایک دفعہ خون دینے کے لیے تیار ہو جائیں ان کو کوئی نہیں دبا سکتا۔انھوں نے کہا جب سے افغانستان سے بیرونی افواج کی کمی ہوئی ہے اور مشرق وسطیٰ جنگ و جدل کا میدان بن رہا ہے تو امریکا بھی اپنی پالیسی تبدیل کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا اس صورت حال میں امریکا نے ایشیا کو اپنی پالیسی کا محور بنایا ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکی پالیسی کا مقصد چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو روکنا ہے۔انھوں نے کہا کہ دوسری جانب چین، روس اور دوسرے علاقائی ممالک نے شنگھائی اتحاد بنایا ہے اور پاکستان بھی علاقائی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان ممالک سے تعلقات کو بہتر بنانے کی پالیسی کے ساتھ ساتھ امریکا سے بھی اپنے تعلقات کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری کےانڈیا میں دیئےگئے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئےسرتاج عزیز نے کہا کہ جب وہ وہاں ہوں گے تو کچھ اور بیان دیں گے جب یہاں ہوں گے تو ان کا بیان کچھ اورہو گا۔