بھارت نے للکارا تو ہم رائیونڈ کی بجائے سرحد پر جاکر لڑینگے ، شیخ رشید

September 25, 2016

کراچی(ٹی وی رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان نے للکارا تو ہم رائیونڈ جانے کے بجائے بارڈر پر چلے جائیں گے ، اگر کبھی ایسا وقت آیا تو ہم رائیونڈ بھول جائیں گے اور پاکستان کی سرحدوں پر اپنی افواج کے شانہ بشانہ گولی چلائیں گے ، پاکستان کے لیے جینا اور مرنا ہمارا مشن ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ “ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے ۔ پروگرام میں بھارت کی جارحیت اور سیاسی جماعتوں کے کردار سے متعلق مسلم لیگ ن کے شیخ روحیل اصغر ، پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز ، پی پی پی کے فیصل کریم کنڈی ، تجزیہ کار رانا جوادسے بھی گفتگو کی گئی۔شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف لندن اپنے میڈیکل چیک اپ کے سلسلے میں گئے ہیں ، بھارت کی سیاسی جماعتوں کی اپوزیشن کے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کئی اختلافات ہیں لیکن وہ حالیہ ایشوز پر ایک دوسرے کے ساتھ اکھٹے نظر آرہے ہیں ، بدقسمتی سے ہماری صفوں میں اتحاد نہیں ہے ، نواز شریف نے اپنی تقریر میں پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ، جب ہم سیاسی سطح پر کمزور ہوں گے تو کس طرح بھارت کا مقابلہ کرپائیں گے ، اپوزیشن کو اپنی ذاتی خواہشات کو پاکستان کے لیے بدلنا پڑے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوامی مسلم لیگ رائیونڈ مارچ میں بھرپور شرکت کررہی ہے ، طاہر القادری کے کچھ تحفظات ہیں ،انہوں نے رائیونڈ مارچ میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا ہے ، جماعت اسلامی گومگو کی کیفیت کی شکار ہے ، سینیٹ کی سیٹ انہوں نے تحریک انصاف کے ووٹوں سے حاصل کی جبکہ انہوں نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حمایت کی ہے ، وہ کرپشن کے خلاف ہیں اس لیے ہماری کوشش ہوگی کہ وہ ہمار ے ساتھ اس دھرنے میں شامل ہوں ، مسلم لیگ ق ہمارے ساتھ احتجاج میں شریک ہوگی ، اے این پی اور مولانا فضل الرحمن حکومت کے ترجمان ہیں اس لیے ان سے توقع رکھنا فضول ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزارت خارجہ کسی بھی ملک کی ایک اہم وزارت ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے یہ وزارت ہمارے ملک میں اب موثر نہیں رہی ، اگر ہر ادارہ اپنا کام بخوبی کرے گا تو ان حالات کی نوبت نہیں آئے گی ، جب ہم اندرونی طور پر مضبوط نہیں ہوں گے تو اپنا موقف بیرون ملک بھی اچھی طرح پیش نہیں کرسکتے ، بھارت کے ادارے ہم سے سے زیادہ مضبوط ہیں ، کیونکہ ان کی جمہوریت ہمیشہ آمریت سے پاک رہی ہے ، ان کے الیکشن کمیشن پر کبھی کسی نے اعتراض نہیں کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں کرپشن ہے لیکن ان کے ادارے بخوبی کام کررہے ہیں ، اگر پاکستان کا کوئی مسئلہ ہے تو ہم پاکستانی فوج اور پاکستانی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ، بھارت کے ساتھ حالیہ تلخی پر آل پارٹیز کانفرنس ہونی چاہئے ۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ پی پی کی پنجاب کی قیادت میں بہت اچھے لوگ ہیں لیکن ان کا بس آصف علی زرداری کے آگے نہیں چل رہا ، ان کی خواہشات اور تمنائیں ہمارے ساتھ ہیں لیکن ان کے جسم پر کنٹرول آصف زرداری کا ہے ، بلاول بھٹو آصف زرداری کے بجائے اپنے نانا اور والدہ کی سیاست کو فالو کرے گا تو یہ اس کے لیے بہتر ہوگا، بلاول بھٹو کو آزاد اور اپنی لائن پر سیاست کرنی چاہئے اور اپنے والد کی داغدار سیاست پر نہیں چلنا چاہئے۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے تمام تر حالات کی ذمہ داری وزیر اعظم نواز شریف پر عائد ہوتی ہے ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ڈنکے کی چوٹ پر بیانات دے رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم لندن میں آرام فرمارہے ہیں ، ہم نے پاناما لیکس کے حوالے سے انصاف کے لیئے تمام دروازوں پر دستک دی ہے ، وہاں سے ہمیں انصاف نہیں ملا تو ہم سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔