الوداعی میچ کا معاملہ کھٹائی میں،آفریدی کی نجم سیٹھی سے ملاقات نہ ہوسکی

September 27, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے درمیان شیڈول ملاقات پیر کو نہ ہوسکی۔ تاہم یہ بات یقینی دکھائی دیتی ہے کہ پی سی بی کے حکام شاہد آفریدی کو الوداعی میچ دینے کو تیار نہیں ہیں،یہ معاملہ بدستور کھٹائی میں ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں ڈپلومیٹک جواب دے کر آگے بڑھ گئے اور کہنے لگے کہ کسی اور وقت اس بارے میں بات کروں گا تاہم شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ اور انہیں فیئر ویل میچ دینے کا فیصلہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام کو کرنا ہے۔اس میچ کوئی شک نہیں ہے کہ شاہد آفریدی کی پاکستان کرکٹ کے لئے بہت زیادہ خدمات ہیں تاہم اس بارے میں فیصلہ میرا کام نہیں ہے۔میں اپنی رائے کسی اور وقت کے لئے محفوظ رکھتا ہوں۔