جرمنی میں فلم وفوٹو گرافی کا بین الاقوامی میلہ،پا کستان کی بھی شرکت

September 29, 2016

فرینکفرٹ (سید اقبال حیدر)دنیا بھر سے آئے 42 ممالک سے 983فوٹو گرافی ،فلم اور اس سے متعلقہ کمپنیوں نے شرکت کر کے دنیائے فوٹو گرافی میں جدیدترین ٹیکنالوجی سے متعارف کرایا،فوٹوگرافی میں کاروباری اور دوسرے حوالوں سے دلچسپی رکھنے والے ایک لاکھ 91ہزار افراد نے اس انٹرنیشنل فوٹو کینا 2016میں شرکت کی۔ ہالی ووڈ، بالی ووڈ کے علاوہ دنیا بھر سے فلمی صنعت کے نمائندوں نے جدید کیمرے لینز،فلم میکنگ کے آلات کی خرید و فروخت کے آرڈر دیئے۔فلم اور فوٹوگرافی کی صنعت کے فروغ کے لئے فوٹو کینا، دنیا کے بڑے صنعتی میلوں میں شمار ہوتا ہے،امریکہ ،جاپان اور یورپ کی بڑی کمپنیوں کے بڑے بڑے سٹال موجود تھے جن پر ان کے سیلزمین فلم اور ٖفوٹوگرافی کی جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرا کر ان سے آرڈر لینے میں مصروف تھے۔اس میلہ میںہندوستان سے آئے فلم انڈسٹری کے مالکان کے علاوہ معروف اداکار بھی دیکھے گئے،ہندوستان اور دیگر ممالک کے جرمنی میں قونصل خانوں کے سرکاری افسران بھی اپنے ملک سے آئے مہمانوں کی ہر طرح سے معاونت کر رہے تھے، پاکستان کی فلمی صنعت اور ٖفوٹوگرافی کی صنعت کی نمائندگی اس میلہ میں برائے نام تھی،کراچی کے جمی سٹوڈیو کے سی او سید شبیہ حیدر، جنرل مینیجر علی صدف کے علاوہ کوئی خاص پاکستان کی نمائندگی دیکھنے کو نہیں ملی،آج دنیا میں مقابلے کا دور ہے نئی جدید ٹیکنالوجی کاروبار کے نئے راستے ہموار کر رہی ہے، اس لئے حکومت پاکستان کو چاہئے کے وہ ملک میں نئی ٹیکنالوجی اور کاروبار میں ترقی کے لئے اس طرح کے صنعتی میلوں کی ملک میں تشہیر کریں تاکہ ہمارے کاروباری حضرات دنیا میں مقابے کی دوڑ میں حصہ لے سکیں۔