سیدنا عمرؓ،سیدنا عثمانؓ، سیدنا حسینؓ کی شہادتیں فراموش نہیں کی جاسکتیں

September 29, 2016

برمنگھم (پ ر)18ذوالحجہ کو خلیفہ سوم دوہرے داماد رسول اکرمﷺ امیر المومنین حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو یکم محرم الحرام کو خلیفہ دوم سسر رسول اکرم ﷺ امیر المومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو اور 10محرم الحرام کو نواسہ رسول اکرمﷺ حضرت امام حسین ابن علی رضی اللہ عنہ کو شہید کیا گیا۔ تاریخ اسلام میں مذکور تینوں عظیم شخصیات کی شہادتوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اللہ تعالیٰ کا بڑا ہی شکر ہے کہ امت مسلمہ کی پوری تاریخ میں انہیںکبھی بھی فراموش نہیں کیا گیا اور یہ سچ بھی ہے کہ یہ شخصیتیں مسلمانوں اور اسلام کی بہت بڑی محسن رہی ہیں اور اپنے محسنوں کو کوئی بھی نہیں بھولتا۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء برطانیہ کے مرکزی رہنمائوں مولانا ڈاکٹر اختر الزمان غوری، مولانا قاری تصور الحق مدنی، مولانا محمد عرفان غوری، مولانا قاری ضیاءالمحسن طیب، مولانا عمران الحق، مولانا طارق مسعود، مولانا آفتاب احمد، حاجی محبت علی، بیرسٹر محمد فاروق، مولانا قاری اظہار احمد، مولانا محمد یعقوب، مولانا قاری حق نواز حقانی اور دیگر نے کیا ۔ان رہنمائوں نے برطانیہ کی تمام تنظیموں اور مساجد کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ملت اسلامیہ کے ان اکابرین کی زندگیوں سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے اپنے ہاں مختلف صورتوں میں پروگراموں کا انعقاد کریں۔ ان رہنمائوںنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ برمنگھم میں ایک بہت ہی خوبصورت پروگرام کو ترتیب دے دیا گیا ہے جس کی تفصیلات سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔ جمعیت کے رہنمائوں نے حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر سے خصوصی طورپر سرکاری سطح پر دونوں خلفائے راشدین اور نواسہ رسول ﷺ کے حوالہ سے مستند اور ٹھوس پروگرام پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔