بھارت نے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی، آئی ایس پی آر

September 29, 2016

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارت نے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی۔ بھارتی فوج اپنے عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی گئی۔ بھارت نے صرف لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔ بھارت اپنی ہی عوام کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی جھوٹا، بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔کنٹرول لائن پر فائرنگ کو سرجیکل اسٹرائیک کا نام دینا صرف پروپیگنڈے کے لیے ہے۔ پاکستان واضح کرچکا ہے کہ کسی بھی سرجیکل اسٹرائیک کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان نے بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو جھوٹا قرار دیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ ہردم مستعد اور بیرونی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کے لیے تیارہے۔ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی۔